Live Updates

قومی اسمبلی: اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی سرعام گالم گلوچ، ایک دوسرے کو کتاب دے ماری

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی تقریر کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی الجھ پڑے ، ایک دوسرے کو دھکے دیے ایوان سیٹیوں کے بعد گالیوں سے گونج اٹھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 جون 2021 17:36

قومی اسمبلی: اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی سرعام  گالم گلوچ، ایک دوسرے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 جون2021ء ) قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے موقع پر ہونے والے اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی تقریر کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی الجھ پڑے ، ایک دوسرے کو دھکے دیے اور سرعام گالم گلوچ بھی کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کی کاروائی ملتوی ہونے کے بعد ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین میں جھڑپ ہوگئی ، اس دوران پی ٹی آئی کے رکن علی نواز اعوان اور ن لیگ کے روحیل اصغر کے درمیان شدید گالم گلوچ دیکھنے میں آئی

ناصرف یہ بلکہ دونوں نے ایک دوسرے کو کتاب بھی دے ماری ، قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دوران ارکان کی طرف سے ایک بار پھر ہنگامہ آرائی کی گئی اور ایک دوسرے کو گالیاں بھی دی جاتی رہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی تقریر شروع ہوتے ہی ایوان میں شور شرابا شروع ہو گیا اور  ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے، اس موقع پر ن لیگی ارکان نے اپوزیشن لیڈر کے گرد حصار بنا لیا ، سپیکر اسد قیصر نے تمام اراکین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شور شرابہ نہ کرنے کی سخت تلقین کی لیکن وہ بھی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ، جس کے بعد انہیں اجلاس کی کارروائی 20 منٹ کیلئے ملتوی کرنا پڑی۔

بعد ازاں اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر ، اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ لنگرخانوں سے ملک ترقی نہیں کرتا،غریب آدمی روٹی کو ترس گیا، حکومت بے حسی کی تصویر بنی بیٹھی ہے، حکومت نے 3سالوں میں 13ہزار ارب ریکارڈقرضے لیے،اگر عمران نیازی مسلط نہ ہوتا تو معیشت 313 سے بڑھ کر 370 ارب ڈالر پر پہنچ جاتی، نواز شریف نے بجلی بنائی تحریک انصاف نے عوام پر بجلی گرائی ۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کہتی ہم نے بجلی مہنگی کی، ہم نے تو سستے ترین منصوبے لگائے تھے،بجلی کی لوڈشیڈنک کی وجہ سے بچے سکولوں میں بے ہوش رہے ہیں، میاں نواززشریف کو کریڈٹ جاتا ہے کہ پاکستان میں کارخانے لگا کر بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کردیا ہے، ایک دھیلے کی کرپشن دور کی بات ہے، اربوں روپے کی بچت کی گئی، اگر پاورپلانٹس نہ ہوتے تو 16، 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی، مسلم لیگ ن نے بجلی بنائی تحریک انصاف نے عوام پر بجلی گرائی ہے، کورونا کا 12کھرب کا پیکج بدترین کرپشن کا شکار ہوچکا ہے، دنیا کے ممالک اپنی عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے اربوں روپے کی ویکسین خرید رہے ہیں، لیکن یہاں حکومت بے حسی کی تصویر بنی بیٹھی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات