وفاقی اور صوبائی بجٹ کی منظوری میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں‘محمد سرور

اپوزیشن کے بجٹ منظور نہ ہونے کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں پنجاب آب پا ک اتھارٹی کے 5ارب سے زائد کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے،موجودہ حکومت تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ‘گورنر پنجاب

منگل 15 جون 2021 18:18

وفاقی اور صوبائی بجٹ کی منظوری میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں‘محمد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ کی منظوری میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں،اپوزیشن کے بجٹ منظور نہ ہونے کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں،الحمد للہ معاشی میدان میں پاکستان کامیابی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے ،پنجاب آب پا ک اتھارٹی کے 5ارب سے زائد کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے ۔

موجودہ حکومت تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔وہ منگل کے روز ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گائوں 515گ ب میں سرکاری سکول کی نئی عمارت ،چک 289گ ب پیر محل میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے فلٹر یشن پلانٹ،بی ایچ یو چک 149اور زرعی یونیورسٹی فیصل ٹوبہ ٹیک سنگھ کیمپس میں سولر سسٹم کے افتتاح کے موقعہ پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر ایم این اے ریا ض احمد فتیانہ،ایم پی اے سعید احمد سعدی ،مر کزی نائب صدرچوہدری اشفاق اور حاجی محمد رمضان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ سے اصولی سیاست کر رہے ہیں اور انکا مقصد صرف اور صرف پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور استحکام ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک سیاسی مخالفین کا تعلق ہے تو ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ حکومت اپوزیشن کے تمام عزائم کو ناکام بنائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا وفاق اور پنجاب میں بجٹ کی منظوری میں رکاوٹیں ڈالنا عوام دشمنی کے مترادف ہوگا ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں اور انشا اللہ بڑی آسانی کیساتھ وفاق اور پنجاب میں بجٹ منظور کر لیے جائیں گے ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا کے بدتر ین مسائل کے باوجود وفاقی اور پنجاب حکومت نے بجٹ میں تعلیم ،صحت ،پینے کے صاف پانی اور عوامی ترقی وفلاح بہبود کیلئے بھر پور فنڈز کا اعلان کیا ہے اور انشا اللہ تحر یک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کریگی اور عوام سے کیے جانیوالے تمام وعدوں کو بھی پورا کیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ کر پشن کے خاتمے اور اداروں میںاصلاحات کے لیے موجودہ حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں انکی ماضی میں کوئی اور مثال نہیں ملتی ۔گور نر پنجاب نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی حکومت نے پینے کے صاف پانی کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں اورآج شہروں کیساتھ ساتھ دیہاتی علاقوں میں بھی پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں پر تیزی کیساتھ کام جاری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا وعدہ ہر صورت پورا کر ینگے اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔