کینسر کے باوجود عوام کی خدمت کرنے پر عمران عباس ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہمت و حوصلے سے متاثر

منگل 15 جون 2021 19:14

کینسر کے باوجود عوام کی خدمت کرنے پر عمران عباس ڈاکٹر یاسمین راشد کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) اداکار عمران عباس وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدکے کینسر جیسے خطرناک مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود بھی ملک کی بہتری کے لیے اپنی خدمات سرانجام دینے کے جذبے سے متاثر ہیں۔اداکار عمران عباس نے انسٹاگرام اکائونٹ پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔

(جاری ہے)

اداکار نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی 70 سالہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو کینسر سے لڑتے ہوئے ہمارے لیے دن رات انتھک محنت کرنے پر سراہتے ہیں۔

انہوں نے وزیر صحت پنجاب کی ہمت و حوصلے کی بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ پہلے ہی اپنے بال کھوچکی ہیں ، صحت اور اپنی توانائیاں کھو رہی ہیں، لیکن پھر بھی وہ پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنے کا جذبہ نہیں کھو سکیں ۔‘انہوں نے ڈاکٹر یاسمین راشدکی صحت کے لیے دعا کی کہ اللہ انہیں جلد صحتیابی اور لمبی عمر کی عطا فرمائے‘۔