ڈی جی سپورٹس پنجاب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے وفد کی ملاقات، ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام کیلئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا

ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام سے ملک بھر کے ہاکی کے کھلاڑی استفادہ کرینگے اورنئے کھلاڑی تیار ہوں گے ‘ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ

منگل 15 جون 2021 20:27

ڈی جی سپورٹس پنجاب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے وفد کی ملاقات، ہائی پرفارمنس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ نے کہا ہے کہ ہاکی کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ تعاون کیا ہے،ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام سے ملک بھر کے ہاکی کے کھلاڑی استفادہ کریں گے اورنئے کھلاڑی تیار ہوں گے ، ہائی پرفارمنس سنٹر ہاکی کی بحالی اور ترقی میں اہم کردار ادا کریگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ اور ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے ملاقات کی،اس موقع پر سیکرٹری پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن رشید ملک بھی موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کی بحالی کیلئے جدید سہولیات کی فراہمی بہت ضروری ہے اس لئے ہائی پرفارمنس سنٹرکے قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہمارے کھلاڑی دنیا کا مقابلہ کرسکیں، پاکستان کو ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ دلانے کے لئے ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں، ہاکی میں ہمارا ماضی بہت شاندار رہا ہے، ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام سے ہاکی کو دوبارہ عروج ملے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا لاہور میں ہاکی کا ہائی پرفارمنس سنٹرقائم کرنے کیلئے 250ملین روپے کے فنڈ مختص کرانے پر شکریہ ادا کیااور کہا کہ ہاکی کی بحالی کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی گراں قدر خدمات ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ سے بہت ٹیلنٹ سامنے آیا تھا، ہائی پرفارمنس سنٹر وقت کی اہم ضرورت ہے جس کو پورا کیا جائے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان ہاکی فیڈریشن مل کر ہاکی کے فروغ کے لئے کام کرتے رہیں گے۔