خیبرپختونخوا ویمن سکواش چیمپئن شپ آخری مرحلے میں داخل ہوگئی

منگل 15 جون 2021 20:27

خیبرپختونخوا ویمن سکواش چیمپئن شپ آخری مرحلے میں داخل ہوگئی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پشاور سپورٹس کمپلیکس میں جاری خیبرپختونخوا ویمن سکواش چیمپئن شپ آخری مرحلے میں داخل ہوگئی‘ چیمپئن شپ میں ٹاپ 32 کھلاڑیوں شرکت کررہی ہیں ،گزشتہ روز سابق ورلڈ چیمپئن‘پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان ‘محب اللہ خان سینئر اور سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے بھی میچ دیکھے‘ ان کے ہمراہ صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر سجاد خلیل ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تحسین الله، چیف کوچ شفقت الله ، سینئر کوچ‘چیف آرگنائزر و میچ ریفری منور زمان‘شیر بہادر‘ اور وزیر خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، قمرزمان سکواش کمپلیکس قیوم سپورٹس سٹیڈیم میں خیبرپختونخوا ویمن سکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں نمرہ عقیل نے کلثوم عبداللہ کے خلاف گیارہ چھ ‘گیارہ چار اور گیارہ چار ‘حراء عقیل نے زہرہ عبداللہ کے خلاف گیارہ چار ‘گیارہ سات اور گیارہ پانچ‘ثناء بہادر نے کائنات عامر کے خلاف گیارہ چھ ‘گیارہ آٹھ اور گیارہ نو جبکہ کومل خان نے مائرہ حسین کیخلاف گیارہ پانچ ‘گیارہ سات اور گیارہ تین سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا‘اس سے قبل چیمپئن شپ کے دوسرے مرحلے میں ہونیوالے میچوں میں نمبرہ عقیل نے وجیہہ الطاف کیخلاف گیارہ چار اور گیارہ تین ‘کلثوم عبداللہ نے مناہل درانی کے خلاف گیارہ چھ اور گیارہ چار ‘زہرہ عبداللہ نے عائشہ عالم کیخلاف گیارہ پانچ اور گیارہ تین ‘حراء عقیل نے مناہل عقیل کے خلاف گیارہ سات اور گیارہ آٹھ ‘کائنات عامر نے سنزل صفدر کے خلاف گیارہ پانچ اور گیارہ تین ‘ثناء بہادر نے مہوش علی کے خلاف گیارہ آٹھ اور گیارہ چھ ‘مائرہ حسین نے حفصہ یوسف کے خلاف گیارہ تین اور گیارہ چار ‘کومل خان نے رونق سلیم کیخلاف گیارہ دواور گیارہ چار سے کامیابی اپنے نام کی‘صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے صدر و سابق چیمپئن قمرزمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ میں اب تک بہترین مقابلے ہوئے ہیں اور آخری مرحلے میں بھی کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں چیمپئن شپ ایس او پیز کے تحت منعقد کی جارہی ہے کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعداس کی اجازت ملی جس سے کھلاڑی بہت خوش ہیں اور امید ہے کہ یہ سلسلہ چلتا رہے گا اور ہماری سرگرمیاں جاری رہیں گی اس سلسلے میں کھلاڑی بھرپور محنت کررہے ہیں اور آنے والے مقابلوں کے لئے بھی محنت کررہے ہیں امیدہے کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کانام روشن کریں گے۔