پی ایس ایل 6، کراچی کنگز کا پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 108 رنز کا ہدف

وہاب ریاض اور دیگر بائولرز کی شاندار گیند بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 جون 2021 00:58

پی ایس ایل 6، کراچی کنگز کا پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 108 رنز کا ہدف
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 108 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 24 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کی ابتدا سے ہی دفاعی چیمپئن ٹیم مشکلات سے دوچار رہی اوربابراعظم گولڈن ڈک شکار ہوئے۔

ثمین گل نے مارٹن گپٹل اور چیڈوک والٹن کو یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر آؤٹ کرکے کنگز کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ شرجیل خان اور نجیب اللہ زدران نے سکور 37 تک پہنچایا لیکن اوپننگ بلے باز کی 25 رنز کی اننگز ختم ہوگئی۔ کپتان عماد وسیم نے نجیب کے ساتھ مزید 30 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔

(جاری ہے)

67 کے مجموعے پر سپنر ابرار احمد نے 17 رنز بنانیوالے افغان بلے باز نجیب کی قیمتی وکٹ حاصل کی اوراسی اوور میں عامر یامین کا کام بھی تمام کردیا۔

عماد وسیم کی 19 رنز کی اننگز کا خاتمہ ان کے ہم منصب نے کیا جبکہ وقاص مقصود 7 رنز بنانے کے بعد ابرار کا تیسرا شکار بن گئے۔ محمد عامر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید کراچی کنگز کی ٹیم سنچری بھی مکمل نہ کر سکے گی لیکن اختتامی اوورز میں عباس آفریدی نے چند بڑے شاٹس لگا کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور میچ میں اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔

کراچی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بناسکی، پشاور زلمی کی جانب سے ابرار اور وہاب نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثمین گل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی تیسرے اور کراچی کنگز چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، مارٹن گپٹل، شرجیل خان، نجیب اللہ زدران، نور احمد، شیڈوک والٹن، عباس آفریدی، وقاص مقصود، محمد عامر، عامر یامین پر مشتمل ہے جب کہ پشاور زلمی وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، شعیب ملک، حیدر علی، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، ابرار احمد، عمید آصف، محمد عرفان، ثمین گل کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔