کراچی، مختلف علاقوں میں مقابلے اور چھاپہ مار کارروائیاں،7 ملزمان گرفتار

کورنگی میں پولیس نے خود کو میڈیا کا نمائندہ ظاہر کرنے اور شہریوں کو ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے چار جعلی صحافیوں کو گرفتار کرلیا

بدھ 16 جون 2021 12:29

کراچی، مختلف علاقوں میں مقابلے اور چھاپہ مار کارروائیاں،7 ملزمان گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مقابلوں اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران7ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق جہانگیر روڈ بلوچ پاڑہ کے قریب پولیس مقابلے میں ملزم عبدالحمید خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ملزم سے ایک پستول اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

ملزم کا سابقہ کرائم ریکارڈ بھی موجود ہے، ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں ملزم زخمی ہوا۔جمشید روڈ پر بھی پولیس مقابلہ ہوا، جس کے بعد ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔ عسکری پارک کے قریب بھی پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کی شناخت شبیر کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

نیو کراچی گبول ٹائون کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ضلع کورنگی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو میڈیا کا نمائندہ ظاہر کرنے اور شہریوں کو ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے چار جعلی صحافیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ملزمان میں محمد ریحان ولد رزاق احمد، سر فراز ولد حاکم علی، محمد ساجد ولد محمد حنیف، وقاص ولد وسیم شامل ہیں۔ شہریوں، کیبن اور پان شاپ والوں کی جانب سے گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف شکایات بھی موصول ہوئیں تھیں۔