کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں آج سے 3دن تک بارشیں ہونگیں،محکمہ موسمیات

کراچی میں جمعرات کی دوپہر اور شام سے بادلوں کا سسٹم مضبوط ہوجائے گا اور 18 اور 19 جون کو بارش کا امکان ہے،جوادمیمن

بدھ 16 جون 2021 12:29

کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں آج سے 3دن تک بارشیں ہونگیں،محکمہ موسمیات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں تین روز تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔اس ضمن میں محکمہ موسمیات کے افسر جواد میمن نے بتایا کہ کراچی میں جمعرات کی دوپہر اور شام سے بادلوں کا سسٹم مضبوط ہوجائے گا اور 18 اور 19 جون کو بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کراچی کے تمام علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش متوقع ہے۔

اس دوران بارش سے پہلے آندھی آنے کا امکان بھی ہے۔جواد میمن نے بتایا کہ کراچی کے شمالی علاقوں میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔ ان علاقوں میں ہائی وے سمیت سرجانی ٹائون،گلشن حدید اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔پری مون سے متعلق انھوں نے بتایا کہ اس سیزن میں ماضی میں طاقتور سسٹم دیکھے گئے ہیں جس کے باعث غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس دفعہ پری مون سون تین مختلف سسٹم کا مجموعہ ہے۔

بحرِ عرب سے سندھ کے علاقوں کی طرف بادلوں کا نظام بڑھ رہا ہے جن میں کراچی بھی شامل ہے۔ بنگال کی طرف بھی بارش برسانے والا طاقتور نظام موجود ہے جو پاکستان کی طرف بڑھے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بھی بارشیں برسانے والا نظام موجود ہوگا اور جون کے آخری ہفتے میں بارشوں کا نظام فعال ہوجائے گا۔اندرونِ سندھ سے متعلق انہوں نے بتایاکہ بارشوں کا موجودہ نظام کئی دیہی علاقوں میں بھی بارش برسائے گا اور ژالہ باری کا امکان ہے۔