سندھ کے شہر ماتلی کے ڈاکٹر کو خاندان سمیت دبئی کا 10 سالہ گولڈن ویزا فراہم

بدھ 16 جون 2021 12:29

ماتلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) سندھ کے شہر ماتلی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ڈاکٹر اپنی فیملی سمیت دبئی کا 10 سالہ گولڈن ویزا حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ڈاکٹر سراج احمد کھتری، اہلیہ اور 2 سالہ بیٹی کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ طب کے شعبہ میں ان کی خدمات پر حکومت کی طرف سے انہیں یہ اعزاز دیا گیا ہے۔پاکستان کے صوبہ سندھ کے چھوٹے سے شہر ماتلی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سراج احمد نے بتایاکہ یہ اعزاز میرے اور اہل خانہ کیلئے ایک قیمتی ملکیت ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سراج نے کراچی میں فزیشنز اینڈ سرجنز کالج سے اپنی تعلیم اور ضیاالدین اسپتال سے تربیت مکمل کی۔ وہ سات سال پہلے متحدہ عرب امارات منتقل ہوئے اور اس وقت راس الخیمہ کے الظہراوی اسپتال میں بطور عمومی معالج کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ وہ اسپتال کے کوویڈ 19 تنہائی یونٹ میں تعینات تھے۔ڈاکٹر سراج کی شادی سمایا اختر سے ہوئی ہے اور اس جوڑے کی ایک بیٹی ہے۔واضح رہے کہ گولڈن ویزا سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، ہنرمند پیشہ ور افراد اور ہونہار طلبا کو دیا جاتا ہے۔