کراچی، مکان میں ڈکیتی کا معاملہ پراسرار، ڈاکوں نے قیمتی سامان کے باوجود کچھ نہیں لوٹا

بدھ 16 جون 2021 13:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) کراچی کے علاقے گلشن معمار میں مکان میں ملزمان گھسنے کا معاملہ مشکوک ہوگیا ، ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا گھرمیں قیمتی سامان کے باوجود کچھ نہیں لوٹا گیا، مزیدتحقیقات کی جارہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار میں مکان میں ملزمان گھسنے کامعاملہ پراسرارہوگیا، ایس ایس پی ویسٹ معاملے کاجائزہ لینے جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں، ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

فوٹیج میں ملزمان کومہران کار ، موٹر سائیکل پر آتے دیکھاجاسکتاہے ، ملزمان مکان کے اندر کافی دیر تک موجود رہے، ملزمان اطمینان سے ہاتھ ہلاتے اور گھر کے باہر کا دروازہ بند کرکے نکلے۔ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیزنے بتایاکہ پولیس کی بھاری نفری بمعہ 20 کمانڈوز موقع پر روانہ کی جبکہ ریپڈ رسپانس فورس اور بکتر بند گاڑی بھی بھیجی گئی، 4 تھانوں کے ایس ایچ اوز موقع پرفوری پہنچے، پورے گھر کو مکمل طور پر گھیرے میں لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سہائے عزیز نے بتایا کہ مکین مسلسل گھر کے اندر سے فون کر کے پولیس کو بلاتے رہے، پولیس کو کہا گیاکہ ملزمان نے سب کو کمرے میں بند کر دیاہے، دروازہ کھولاگیا تو اندر کوئی بھی موجود نہیں تھا ،گھرمیں قیمتی سامان کے باوجود کچھ نہیں لوٹا گیا۔ملزمان نے اہلخانہ کوکہاکہ بے روزگار ہیں اس لیے آئے ہیں، فوٹیج میں 6ملزمان کودیکھاجاسکتاہے جبکہ متاثرہ خاندان 10سے زائدملزمان کابتاتے رہے ہیں، معاملہ مشکوک ہے، مزیدتحقیقات کی جارہی ہیں، گزشتہ روز دن دیہاڑے ملزمان ایک گھر میں گھسے تھے۔

متعلقہ عنوان :