سرفراز اور شاہین کی لڑائی پی ایس ایل کو نئی سطح پر لے گئی ہے: رمیز راجہ

کچھ پیرامیٹرز میں رہتے ہوئے حریف کا مقابلہ کرنا اور اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنا بری بات نہیں: سابق کپتان کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 جون 2021 13:19

سرفراز اور شاہین کی لڑائی پی ایس ایل کو نئی سطح پر لے گئی ہے: رمیز راجہ
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے مابین ہونیوالی لڑائی کے بارے میں قومی ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ابوظہبی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر شاہین آفریدی نے 147 کلومیٹر گھنٹہ فی رفتار کی باؤنسر کروائی جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین سرفراز احمد کے ہیلمٹ پر لگی۔

سرفراز اس گیند پر صرف ایک رن بنا سکے ، رن بنانے کے بعد دوسرے اینڈ پر پہنچنے کے بعد وہ شاہین آفریدی سے کچھ کہتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔ کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ سرفراز نے ضرور شاہین کو پُرسکون رہنے کا کہا ہوگا۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد کی بات پر شاہین آفریدی نے بھی آگے سے غصے میں کچھ کہا تاہم فیلڈ میں موجود کھلاڑیوں اور امپائرز نے معاملہ ختم کروایا۔

اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے رمیز راجہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’ کچھ پیرامیٹرز میں رہتے ہوئے حریفوں کا مقابلہ کرنا اور ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنا بری بات نہیں ہے، سرفراز اور شاہین آفریدی کی اس توتو میں میں نے پی ایس ایل کو ایک مختلف سطح تک پہنچا دیا ہے‘‘۔
اننگز کے اختتام پر شاہین آفریدی نے بھی بات کرتے ہوئے اس معاملے کو زیادہ بڑھاوا نہ دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ سب کھیل کا حصہ ہے، میں نہیں چاہتا مجھے کوئی چوکا مارے‘،
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لاہور قلندرز کیخلاف 18 رنز سے کامیابی حاصل کرکے اب بھی پلے آف مرحلے تک رسائی کا خواب دیکھ سکتا ہے تاہم انھیں دوسرے نتائج کی ضرورت ہوگی۔