بھارت، مسلمان بزرگ شہری کی زبردستی داڑھی کاٹنے والے ملزمان گرفتار

ملزمان نے بلند شہر سے تعلق رکھنے والے بزرگ پر حملہ کر کے ان کی داڑھی کاٹ دی اورتشددبھی کیاتھا،رپورٹ

بدھ 16 جون 2021 14:10

بھارت، مسلمان بزرگ شہری کی زبردستی داڑھی کاٹنے والے ملزمان گرفتار
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) بھارتی ریاست اترپردیش میں بزرگ مسلمان شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زبردستی داڑھی کاٹنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بلند شہر سے تعلق رکھنے والے 72سالہ عبدالصمد سیفی انتقال کی تعزیت اور اپنی بھتیجی سے ملنے کے لیے غازی آباد گئے تھے جہاں انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ان کی داڑھی بھی کاٹ دی گئی۔

اس واقعے کو ایک ہفتہ سے زائد گزرنے کے بعد پیر کو واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرس ہو گئی جس پر انہیں تکلیف دہ واقعے کی روداد سناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اس ویڈیو پر عوام کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی حکومت اور پولیس سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے بلند شہر سے تعلق رکھنے والے بزرگ پر حملہ کر کے مبینہ طور پر ان کی داڑھی شیو کردی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسے بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مسلمان مخالف رویے کا عکاس قرار دیا ۔

سماج وادی پارٹی کے مقامی رہنما کے ہمراہ صورتحال کی تفصیلات بتاتے ہوئے 72سالہ بزرگ نے کہا کہ میں سرحدی علاقے لونی کے قریب رکشے میں سفر کررہا تھا جب مجھے ان دو افراد نے اغوا کر لیا جو رکشے میں آگے بیٹھے ہوئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ مجھے جنگل میں لے گئے اور مارنا شروع کردیا، میں ان سے منت سماجت کرتا رہا لیکن وہ نہ مانے اور جب میں نے تکلیف سے کراہنا شروع کیا تو انہوں نے پوچھا کہ کیا میں اللہ کا نام لے رہا ہوں۔

عبدالصمد نے بتایا کہ حملہ آوروں نے انہیں پاکستانی جاسوس کہہ کر بھی پکارا اور زبردستی جے شری رام اور وندے ماترم کے نعرے لگوائے۔انہوں نے کہا کہ میں درد برداشت نہیں کررپا تھا اور اسی اثنا میں وہ دو قینچیاں لے آئے اور میری داڑھی کاٹ دی، مجھے اپنی جان خطرے میں لگ رہی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اس کے بعد میری ویڈیو بناتے ہوئے کہا کہ ہم مسلمانوں کے ساتھ ایسا کرتے ہیں، تمام مسلمانوں کو اس سے ایک پیغام جائے گا اور چار گھنٹے تک تشدد کرنے کے بعد مجھے چھوڑ دیا۔