Live Updates

حکومتی اراکین نے ایوان میں جو کچھ کیا وزیراعظم کے کہنے پر کیا

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 جون 2021 13:51

حکومتی اراکین نے ایوان میں جو کچھ کیا وزیراعظم کے کہنے پر کیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جون 2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومتی اراکین نے ایوان میں جو کچھ بھی کیا وہ وزیراعظم کے کہنے پر کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے ہی اسپیکر کی بات نہ مان کر جو توہین کی ہے اس پر اسپیکر کو مستعفی ہو جانا چاہئیے۔پروگرام میں موجود وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ایوان چلانا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے،ہمارے پاس نمبر پورے ہیں ہمیں کوئی نقصان نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ اس کے رہنما آرام سے تقریر کرکے چلے جائیں تو اب ایسا نہیں ہو گا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں مریم نواز کا گروپ پارلیمنٹ میں نہیں ہے۔اس لیے وہ چاہتا ہے کہ معاملات خراب کیے جائیں۔جبکہ وزیر مملکت فرخ حبیب نے گذشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو ٹھہرا دیا۔

(جاری ہے)

فرخ حبیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی مریم نواز نے کروائی کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں خطاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کو اکھاڑہ بنایا گیا اور ن لیگ کی پوری قیادت نے ہنگامہ آرائی کی سرپرستی کی۔ فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدرنے شاہد خاقان عباسی کو ہنگامہ آرائی اور حملے کا حکم دیا۔

یہ رویہ نیا نہیں ہے پہلے بھی مسلم لیگ ن حملے کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نیب اور سپریم کورٹ پر حملہ کرچکی ہے۔ گلو بٹ کا کلچر ن لیگ نے متعارف کرایا۔ن لیگ گجرانوالہ میں ہماری ریلی اور ملتان میں شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ پر حملہ کر چکی ہے۔ جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا تمام تر ملبہ حکومت پر ڈال دیا اور کہا کہ عمران خان نے کابینہ اجلاس میں شہباز شریف پر حملے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ہوا بہت افسوسناک تھا، کل حکومت نے قائدِ حزبِ اختلاف اور اپوزیشن پر حملہ نہیں کیا بلکہ پارلیمنٹ پر حملہ کیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات