کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم کے بیٹے کو قتل کر دیا

نامعلوم ملزمان نے 32 سالہ رضا ذوالفقار کو گھر سے دفتر جاتے ہوئے قتل کیا،پولیس نے ٹارگٹ کلنگ قرار دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 جون 2021 16:13

کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم کے بیٹے کو قتل کر دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2021ء) کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم کے بیٹے کو بےدردی سے قتل کر دیا گیا، پولیس نے ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو  نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دن دیہاڑے گاڑی پر فائرنگ کر کے شہری کو قتل کر دیا۔مقتول کی شناخت 32 سالہ رضا ذوالفقار کے نام سے ہوئی۔رضا ذوالفقار ملیر عظیم پورہ میں رحمن اسٹیل اینڈ سیمنٹ کا کاروبار کرتا تھا۔

مقتول جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم کے بیٹے تھے۔پولیس نے فائرنگ کے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او راشد الرحمان کا کہنا ہے کہ متقول رضا ذوالفقار اپنے گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل سواوں نے تعاقب کرنے کے بعد ملیر جامعہ روڈ پر واقع ملک بردار اسٹیل اینڈ سیمنٹ کے قریب گاڑی جیسے ہی دائیں جانب موڑی تو ملزمان نے اندھا دھند گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

رضا ذوالفقار پر فائرنگ کا واقعہ 12 بج کر 12 منٹ پر پیش آیا۔مسلح ملزمان نے رضا ذوالفقار پر تین سے چار فائر کیے۔مقتول کے جسم پر دو گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔پولیس نے جائے وقوع نے 9 ایم ایم پستول کے دو خول قبضے میں لے لیے ہیں جنہیں تجزیے کے لیے فارنزک لیبارٹری بھجوایا جائے گا،ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ مقتول کے والد ماضی میں جماعت اسلامی کے سابق یوسی ناظم رہے ہیں اور متقول رضا کے قتل کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔

پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حاصل کر لی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رضا ذوالفقار اپنی گاڑی میں جامعہ ملیہ روڈ سے جیسے ہی دائیں جانب مڑتے ہیں تو پیچھا کرتے ہوئے آنے والے ملزمان نے موقع پاتے ہی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔