جی سی یو میں کشمیریوں اور فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سیمینار کا انعقاد

نئی نسل مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے زیادہ آگاہ،فکرمندو متحرک ہے،میاں محمود الرشید

بدھ 16 جون 2021 16:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کشمیر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام کشمیریوں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سیمینار کا انعقادکیا گیا۔وزیربرائے ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اصغر زیدی نے بھی خطا ب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ نئی نسل مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے زیادہ آگاہ،فکرمند اور متحرک ہے، آزادی کے حصول کے لیے حزب اللہ، حماس اور فلسطینیوں کا جوش و جذبہ قابل دید ہے،آج پوری دنیا میں اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج جاری ہے جس سے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پڑے۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیااور بین الاقوامی سطح پر اسرائیل جارحیت کی بھی بھرپورمذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسرائیل پچھلے بہتر سال سے قبلہ اول پر قابض ہے اورپچھلے کچھ عرصے سے فلسطین میں ظلم کی انتہا کر دی گئی ہے،مسئلہ فلسطین کا حل1966کی حدبندی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہونا چاہیے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں کشمیر سوسائٹی بنانے سے یوتھ موومنٹ بنی،اب یونیورسٹی میں فلسطین سوسائٹی بھی قائم کرنے جا رہے ہیں،تاکہ ہمارے طلباء فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرسکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور فلسطین سوسائٹی کے چیئرمین ہوںگے،جی سی یو ہر شعبہ میں دو فلسطینی طلباء کو او ای سی کے سکالرشپ کے تحت داخلہ دے گی۔ہم اسلامی ممالک کی نامور یورسٹیز کا اتحاد بھی بنا رہے تا کہ متحد ہو کر فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھائیں۔