قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، وزیر اعظم نے ایوان میں نئے اصول و ضوابط متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا

پارلیمنٹ میں سازگار ماحول کے لئے نئے اصول و ضوابط مشاورت سے تیار کئے جائیں، وزیراعظم کی اجلاس میں ہدایت ہر حال میں قومی اسمبلی میں نظم و ضبط کو یقینی بنائیں، اسمبلی کا ماحول بہتر بنانے کے فوری طور اصول و ضوابط اور قوانین لانے کی ہدایت کر دی

بدھ 16 جون 2021 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، بات ارکان کی معطلی سے بھی آگے بڑھ گئی، وزیر اعظم نے ایوان میں نئے اصول و ضوابط متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت ایوان کا ماحول بہتر بنانے کیلئے اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، شفقت محمود ، اسد عمر ،فہمیدہ مرزا ، سید امین الحق و دیگر حکومتی و اتحادی اراکین شریک ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے سیاست میں برداشت کا کلچر متعارف کرانے کے لئے ہنگامی مشاورت کے بعد ایوان میں نئے اصول و ضوابط متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ میں سازگار ماحول کے لئے نئے اصول و ضوابط مشاورت سے تیار کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کو خصوصی طور پر بلایا گیا ،ہنگامی اجلاس میں بجٹ اجلاس کے دوران ماحول سازگاربنانے کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہر حال میں قومی اسمبلی میں نظم و ضبط کو یقینی بنائیں وزیراعظم نے اسمبلی کا ماحول بہتر بنانے کے فوری طور اصول و ضوابط اور قوانین لانے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایوان میں جو کچھ ہوا اس پر ذاتی طور پر دکھ ہوا، احتجاج کا حق سب کو ہے لیکن ہلڑ بازی کی روایت ختم کرنا ہوگی۔