مسلم کانفرنس آمدہ انتخابات میں بڑی قوت کے ساتھ میدان میں اتری ہے ،سردار عتیق احمد خان

مسلم کانفرنس میں دیگر جماعتوں سے تنگ کارکنوں کی شمولیت واضح ثبوت ہے دیگر پارٹیوں نے کارکنوں کو ہمیشہ استعمال کیا ،حقوق اور مقام کی قدر نہیں کی گئی،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 16 جون 2021 17:47

راولپنڈی /مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہاہیکہ مسلم کانفرنس آمدہ انتخابات میں بڑی قوت کے ساتھ میدان میں اتری ہے ، مسلم کانفرنس شہیدوں ، غازیوں کا قافلہ اور تحریک آزادی کی بانی جماعت ہے ، مسلم کانفرنس کے کارکن دن رات محنت کرکے الیکشن میں کامیابی کے لئے تیاریاں کریں ، آمدہ انتخابات میں آزاد کشمیرکی10 اضلاع کے 33 حلقوں کے علاوہ مہاجرین حلقوں سے جماعتی امیدواروں کو کامیاب کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ، دوسری جماعتوں سے مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والوں کو جماعت میں انکا جائز مقام دیا جائے گا، مسلم کانفرنس میں دیگر جماعتوں سے تنگ کارکنوں کا شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دیگر پارٹیوں نے کارکنوں کو ہمیشہ استعمال کیا انکے حقوق اور مقام کی قدر نہیں کی گئی ، ان خیالات کااظہار انھوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل میں حلقہ ناروال شکر گڑھ سے ایم پی اے مولانا غیاث الدین کے صاحبزادے امیدوار اسمبلی حلقہ ناروال ربیعہ غیاث کی مسلم کانفرنس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، انھوں نے کہا کہ مہاجرین کے حلقے خصوصی توجہ کے منتظر ہیں ، مسلم کانفرنس نے اپنے دور اقتدار میں ہمیشہ مہاجرین کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا ، ہمیشہ مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ، آج مہاجرین بھی دیگرریاستی عوام کی طرح گزشتہ 10 سالوں کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں ، مہاجرین کی آبادی کاری کے لئے تمام تر سہولیات کی فراہمی کی جانی چاہیے ، جو لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر آئے اور وہ بھی ان حالات میں جب کہ ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیئے گئے ، بکھرے اور لٹے ہوئے خاندانوں کی اذیت کا اندازہ حکمران کرتے تو آج ان کی مشکلات نہ ہوتی ،مسلم کانفرنس تما م جعلی ووٹر ز کے اندراج کی مذمت کرتی ہے ، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ الیکشن سے قبل جعلی و فرضی ووٹرز کی مکمل جانچ پڑتال کرکے صاف وشفاف ووٹر فہرستیں مرتب کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس میں دیگر سیاسی پارٹیوں سے شمولیت مسلم کانفرنس کی کامیابی کی نوید ہے ، کارکنان تائو بٹ سے لیکر بھمبر تک اور پاکستا ن میں بسنے والے کشمیری حلقوں میں الیکشن مہم کو تیز کریں ، مسلم لیگ ن کی پالیسیاں کارکن کش پالیسیاں ہیں ، مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں جتنے احتجاجی مظاہرے حکومتی پالیسیوں کے خلاف کئے گئے اس کی تاریخ نہیں ملتی ، مسلم کانفرنس نے ریاست میں ادارے بنائے ، اداروں کو مضبوط و مستحکم کیا، آج بھی سرکاری ملازمین مسلم کانفرنس کے دور کو یاد کرتے ہیں ،آزاد کشمیر او ر مقیم پاکستان انتخابی حلقوں سے مسلم کانفرنس بھرپور کامیابی حاصل کریگی اور ایک بار پھر عوامی حکومت قائم کرینگے ۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس پنجاب کے صدر وحید الحق ہاشمی ایڈووکیٹ ودیگر موجود تھے ، نئے شامل ہونے والے مولانا ربیع غیاث نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستی تشخص کی پہنچان اور تحریک آزادی کشمیر کی داعی ہے ، مسلم کانفرنس کے نظریہ سے ہم محب الوطن متاثر ہے ، ہماری خواہش ہیکہ مسلم کانفرنس ایک بار پھر آزاد کشمیر کے ایوان میں بر سر اقتدار آئے اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کا دیا ہوا نعرہ گھر پھر پہنچائے ۔