سوپور قتل عام کی مذمت کے لئے برمنگھم میں احتجاجی مظاہرہ

بدھ 16 جون 2021 17:47

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) تحریک کشمیر برطانیہ نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں سوپور قصبے میں تین بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف برمنگھم میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کی قیادت تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کی۔

مظاہرین نے آزادی کے حق میںنعرے لگائے اور معصوم کشمیریوںکے خلاف بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی مذمت کی۔ سٹورٹ رچرڈسن کی قیادت میں’’سٹاف دی وار کوئلیشن‘‘کے ایک وفد نے بھی مظاہرے میں شرکت کی اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہا ریکجہتی کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر سے فوجی انخلاء کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

(جاری ہے)

راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ سوپور کا قتل عام مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے گئے سفاکانہ قتل عام کے واقعات میں ایک اور اضافہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہید ہونے والے شہریوں کے جنازوں میں ہزاروں افراد کی شرکت سے ثابت ہوتا ہے کہ کشمیری پوری قوت کے ساتھ تحریک آزادی کی پشت پر کھڑے ہیں۔تحریک کشمیر برطانیہ کے بانی رکن خواجہ محمد سلیمان نے کہا کہ شہداء کے جنازوں میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اس بات کی علامت ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ مشتاق حسین، راجہ فیاض، محمد آفتاب، نائلہ خان، گلبرٹ، عابدین اور اعظم فاروق نے بھی بھارتی فوج کے ہاتھوںمعصوم کشمیریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔