برطانیہ کے کریم خان بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نئے پراسیکیوٹر

DW ڈی ڈبلیو بدھ 16 جون 2021 17:40

برطانیہ کے کریم خان بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نئے پراسیکیوٹر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 16 جون 2021ء) نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق آج بدھ سولہ جون کو اپنے نئے عہدے کا حلف اٹھانے والے کریم خان کو پراسیکیوٹر کے طور پر انٹرنیشنل کریمینل کورٹ (آئی سی سی) میں زیر التوا مقدمات کا جو انبار نمٹانے کی کوشش کرنا ہو گی، ان میں اسرائیل اور فلسطینیوں سے متعلق ایک مقدمہ بھی شامل ہے۔

آئی سی سی کی تاریخ کا اہم ترین سیاسی مقدمہ

یہ مقدمہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے جنگی جرائم کے ممکنہ ارتکاب سے متعلق ہے اور کریم خان کو ان الزامات کی قانونی چھان بین بھی کرانا ہو گی۔ یہ کام اس لیے بہت مشکل ہو گا کہ اسرائیل یہ کہتے ہوئے اس سلسلے میں کسی بھی تعاون سے انکاری ہے کہ اسرائیلی حکومت کے بیانات کے مطابق اس عدالت کو ایسی کسی چھان بین کا کوئی اختیار ہی نہیں اور پھر اسرائیل اس عدالت کا رکن ملک بھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

غزہ: اقوام متحدہ نے جنگی جرائم کی تفتیش کے لیے قرارداد منظور کر لی

عدالت کے نئے پراسیکیوٹر کریم خان کے لیے اسرائیلی فلسطینی تنازعے میں ممکنہ جنگی جرائم کی تفتیش کرنا اس لیے بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گا کہ یہ مقدمہ اس بین الاقوامی عدالت کی تاریخ کا اہم ترین اور حساس ترین سیاسی مقدمہ قرار دیا جاتا ہے۔

کریم خان کی پیش رو کی کامیابیاں

کریم کان نے آج جو منصب سنبھالا، وہ ان سے پہلے گیمبیا کی خاتون ماہر قانون فاتو بنسودا کے پاس تھا۔

ان کے نو سالہ دور میں اس بین الاقوامی عدالت کی جنگی جرائم سے متعلق مختلف قانونی تنازعات کے حل کے لیے جغرافیائی رسائی میں واضح اضافہ ہوا تھا۔

اسرائیل نے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کی تفتیش مسترد کر دی

فاتو بنسودا کو آئی سی سی کی چیف پراسیکیوٹر کے طور پر چند بڑی ناکامیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ ان میں سے ایک بڑی ناکامی اس عدالت کی طرف سے آئیوری کوسٹ کے سابق صدر لاراں گباگبو کا بری کیا جانا بھی تھا۔

دنیا کی جنگی جرائم کی واحد مستقل عدالت

کریم خان کو آئی سی سی کی رکن ریاستوں نے اس سال فروری میں اس عہدے کے لیے منتخب کیا تھا۔ یہ عدالت جنگی جرائم کے ارتکاب سے متعلق مقدمات کی سماعت کرنے والی دنیا کی واحد مستقل عدالت ہے اور کریم خان اس عدالت کے تیسرے پراسیکیوٹر بنے ہیں۔

غزہ میں حالیہ اسرائیلی حملے کو جنگی جرائم کی تحقیقات میں شامل کیا جائے‘

کریم خان نے ماضی میں دہشت گرد تنظیم 'اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی طرف سے کیے گئے جرائم کی تفتیش کے لیے اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔

اس کے علاوہ دی ہیگ کی اسی عدالت میں انہوں نے بدامنی کے دوران لیبیا کے قتل کر دیے گئے رہنما معمر قذافی کے بیٹے سیف السلام کے خلاف مقدمے میں وکیل صفائی کے فرائض بھی انجام دیے تھے۔

جرمنی بشار الاسد کو جنگی جرائم کا مجرم کیسے ٹھہرا سکتا ہے؟

مستقبل کی بڑی ذمے داریاں

کریم خان کو آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کے طور پر مستقبل میں جو کئی بہت کٹھن کام کرنا ہوں گے، ان میں اسرائیلی فلسطینی تنازعے سے متعلق چھان بین کے علاوہ بھی کئی صبر آزما فرائض شامل ہیں۔

انہیں مثال کے طور پر فلپائن میں منشیات کے اسمگلروں کے خلاف بہت متنازعہ ہو جانے والی خونریز ریاستی جنگ اور افغانستان میں امریکی فوج کی طرف سے جنگی جرائم کے مبینہ ارتکاب کی تفتیش بھی کرنا ہو گی۔

آسٹریلیا نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کے جنگی جرائم کا اعتراف کر لیا

اس دوران کریم خان کو ان ممالک کی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا بھی رہے گا، جو اب تک بین الاقوامی فوجداری عدالت کا رکن بننے سے انکاری ہیں۔ ان ممالک میں سے چند بڑے نام امریکا، اسرائیل، چین اور روس کے ہیں۔

م م / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)