موٹروے پولیس کا موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر لائٹس استعمال کرنیوالوں پر 20ملین جرمانہ عائد

بدھ 16 جون 2021 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) موٹروے پولیس نے موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر (ایچ آئی ڈی) لائٹس استعمال کرنیوالوں پر 20ملین جرمانہ عائد کیا۔اعلامیہ کے مطابق شہریوں نے موٹروے چوک، چونگی نمبر 26 اور راوت کے علاقے میں ٹریفک کی بھیڑ اورغیر قانونی پارکنگ کی خلاف ورزیوں، لین کی خلاف ورزیوں، بھاری گاڑیوں (خاص طور پر ڈمپر) کے ذریعہ ٹریفک کی رکاوٹ اور موٹر ویز اور ہائی ویز پر ہائی انٹینسٹی ڈسچارج (ایچ آئی ڈی / ایل ای ڈی) لائٹس کے غیر قانونی استعمال کے بارے میں پاکستان سٹیزن پورٹل پر متعدد شکایات درج کیں۔

پاکستان سٹیزن پورٹل پر آنے والی شکایات کے پیش نظر نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس نے عوام کو محفوظ اور بلا تعطل سفر ی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مذکورہ بالا خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی دیگر بیان کردہ شکایات کا پہلے ہی ازالہ کیا جاچکا ہے۔ ایچ آئی ڈی / ایل ای ڈی لائٹس کے غیر قانونی استعمال کے خلاف نہ صرف خصوصی مہم کا انعقاد کیا گیا بلکہ انفورسمنٹ مہم کے دوران عمل نہ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

گاڑیوں میں ایچ آئی ڈی لائٹس کے غیر قانونی استعمال اور ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک بھر میں موٹر ویز اور نیشنل ہائی ویز پر گاڑیوں میں ایل ای ڈی / ایچ آئی ڈی لائٹس کے استعمال اس کے نقصانات اور انفورسمنٹ کے حوالے سے مہم پر خصوصی توجہ دی۔مہم کے دوران نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز نے ملک بھر میں ایل ای ڈی / ایچ آئی ڈی لائٹس کے غیر قانونی استعمال کرنے والی37,583 ڈرائیوروں کو 20 ملین جرمانہ عائد کرتے ہوئے 3592 گاڑ یوں کو ٹول پلازوں سے واپس بھیج دی گئیں اور مختلف گاڑیوں سے 11610 ایل ای ڈی / ایچ آئی ڈی لائٹس اتار دی گئیں۔

نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس موٹرویز اور قومی شاہراؤں پر ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ اور روڈ سیفٹی ایجوکیشن کے ذریعہ عوام کی سہولت کے لئے پرعزم ہے۔