بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ایک اور نوجوان شہید کر دیا

بھارت نے کشمیر کے بعد اب مسلم اکثریتی علاقے لکشدیپ پر نظریں گاڑ دیں

بدھ 16 جون 2021 22:58

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سرینگر میں ایک اور کشمیری نوجوان کو ماورائے عدالت قتل کر دیا۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو گزشتہ رات سرینگر کے علاقے واگورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

عینی شاہدین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ فوجیوں نے نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد گولیاں مار یں اور اس دوران انہوںنے واگورہ گریڈ سٹیشن کو بند کر کے علاقے کو تاریکی میں ڈبو دیا تھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی خواتین شاخ کی انچارج یاسمین راجہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںبھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں کی موجودگی مقبوضہ علاقے میں خوفناک صورتحال کی بخوبی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوںنے بھارتی فوجیوں کی طرف سے شہریوں کے زیر حراست قتل کی مذمت کی۔ انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن انتو نے ایک بیان میں کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث بھارتی فورسز اہلکاروں کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں دیویندرسنگھ بہل اور عبدالاحد پرہ نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ تنازعہ کشمیر کے حل میںسب سے بڑی رکاوٹ بھارتی ہٹ دھرمی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کی طرف سے بدھ کو جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت میں بھارت میں مسلمانوں کے وجود کو خطرے کا سامنا ہے۔

مودی حکومت کی نظریں مقبوضہ جموںوکشمیر کے بعد اب مسلم اکثریتی جزیرے لکشدیپ پر جمی ہوئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ہندو توا قوتوں نے لکشدیپ جزائرپر بھر پور یلغار کر رکھی ہے اور یہاں کئی کالے قوانین لاگو کیے گئے ہیں اور مسلمان انخلا کے خدشے سے دوچار ہیں۔ سرینگر میں ایک مرتبہ پھر آزادی کے حق میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے یوتھ ونگ نے فتح کدل، بلبل لنکراور شہر کے دیگر علاقوں میں لگائے ہیں جن میں لکھی عبارت میں یہ عزم دہرایا گیا ہے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف خون کے آخری قطرے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

جموںوکشمیر سوشل اینڈ جسٹس لیگ اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک جسٹس پارٹی کے وفود شہید شہریوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بدھ کو سوپور میں انکے گھروں میں گئے ۔ جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے سرینگر میں ایک اجلاس کے دوران آزادی پسند رہنما نذیر احمد شاہ کو بدھ کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری سیاسی کارکن سجاد رشید کی اس بے ضرر بیان پر کہ ’’انہیں باہر کے افسروں سے زیادہ مقامی کشمیری افسروں پر زیادہ توقعات ہیں‘‘ گرفتاری ناقابل قبول ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( مارکسٹ ) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے سجاد رشید کی گرفتاری کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے اسے لوگوں کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیدیا۔ تحریک کشمیر برطانیہ نے بھارتی فورسز کی طرف سے سوپور قصبے میں تین بے گناہ کشمیریوں کے قتل کے خلاف برمنگھم میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مظاہر ہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت تنظیم کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کی۔