بنیادی انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے سول سوسائٹی اور دینی و سماجی اداروں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی

بدھ 16 جون 2021 23:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شہری سہولیات کی فراہمی اور بنیادی انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے سول سوسائٹی اور دینی و سماجی اداروں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے نتائج شہریوں کے سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جلد ہی مختلف شعبوں میں بہتری نظر آئے گی، محرم الحرام کے دوران روایتی جلوسوں اور مجالس کے انعقاد میں ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی، یہ بات انہوں نے مجلس وحدت المسلمین پاکستان کراچی کے صدر مولانا صادق جعفری کی سربراہی میں ملاقات کے لئے آنے والے چھ رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، وفد میں مجلس وحدت المسلمین کے پولیٹیکل سیکریٹری میر تقی علی ظفر، ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید عسکری رضوی، سیکریٹری ویلفیئر سید زین رضوی، سیدسبط اصغر، ڈپٹی سیکریٹری سندھ ڈاکٹر صابر شامل تھے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان اور ڈائریکٹر جنرل ورکس شبیہہ الحسنین زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات کے دوران مجلس وحدت المسلمین کے وفد نے محرم الحرام کے دوران مرکزی اور دیگر جلوسوں کے راستے اور مجالس کے مقامات پر صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کے انتظامات بہتر بنانے کی درخواست کی اور کہا کہ محرم الحرام کے مہینے میں عزاداروں کی بڑی تعداد ان جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرتی ہے لہٰذا شہر کے مختلف علاقوں میں ایسے انتظامات کئے جائیں جن سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت ملے اور وہ اپنے مذہبی فرائض بہتر طریقے سے ادا کرسکیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہری خدمات کا مرکزی ادارہ ہے جس کے فرائض میں شہریوں کو مقدس ایام اور اہم مواقع پر سہولیات کی فراہمی شامل ہے، محرم الحرام کے تقدس کے پیش نظر ہر سال کی طرح اس سال بھی پوری کوشش کی جائے گی کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات مہیا کی جائیں، شہر کے دیگر اداروں اور یوٹیلیٹی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ بھی اس سلسلے میں رابطہ کیا جائے گا تاکہ مل کر مربوط اور جامع انتظامات یقینی بنائے جاسکیں، محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے علماء کرام، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے حتمی پلان تیار کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں ، پلوں اور انڈرپاسز کو بہتر بنانے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ ورکس کام کر رہا ہے اور مختلف سڑکوں اور شاہراہوں کی استرکاری اور پیوندکاری کی جا رہی ہے جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت مل رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹس کو بھی بحال اور فعال کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کی سڑکوں اور انڈرپاسز کو روشن رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ شہر میں وسیع پیمانے پر شجر کاری بھی کرا رہے ہیں جس میں مختلف سماجی و فلاحی ادارے اور سول سوسائٹی تعاون فراہم کررہی ہیں، سڑکوں اور شاہراہوں کے درمیان گرین بیلٹ اور اطراف میں سایہ دار اور پھولدار درخت اور پودے لگائے جا رہے ہیں جس سے شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنانے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ شہری خدمات کی فراہمی میں اس حقیقت کو پیش نظر رکھا جا رہا ہے کہ ہونے والے کام پائیدار اور دیرپا ثابت ہو ں اور ان کاموں کو ترجیح دی جائے جن سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سہولت اور آسانی ملے گی، انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام بڑے شہروں میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں شہریوں کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھا جاتا ہے اور اس کے ساتھ مختلف فرقوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی کے لئے بھی کوششیں کی جاتی ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس حوالے سے بھی اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔