1983سے کمپیوٹر کا استعمال شروع کیا،آج تک میرا کوئی ڈیٹا کھویا نہیں ، صدرمملکت

2011میں اپنی سیاسی جماعت کی رکنیت بڑھانے کیلئے آئی ٹی کا استعمال کیا، دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بہت تیزی کے ساتھ فروغ پا رہی ہے، ملائیشیا نے آئی ٹی کے شعبہ میں اپنی برآمدات اربوں ڈالربڑھائیں، خطاب

بدھ 16 جون 2021 23:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 1983سے کمپیوٹر کا استعمال شروع کیا،آج تک میرا کوئی ڈیٹا کھویا نہیں ، 2011میں اپنی سیاسی جماعت کی رکنیت بڑھانے کیلئے آئی ٹی کا استعمال کیا، دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بہت تیزی کے ساتھ فروغ پا رہی ہے، ملائیشیا نے آئی ٹی کے شعبہ میں اپنی برآمدات اربوں ڈالربڑھائیں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دیگر شعبوں کے مقابلے میں آئی ٹی میں شرح نمو کئی گنا زیادہ ہوتی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا بھر کے علم تک رسائی ممکن ہوگئی ہے۔پاکستان نے بہتر فیصلہ سازی ، فلاحی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا وبا کے چیلنج کا کامیابی سے مقابلہ کیا انہوںنے کہاکہ دنیا کورونا وباء کیخلاف پاکستان کی کامیابی کی معترف ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان امن پسندملک ہے ،تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتے ہیں ، کوشش ہے کہ نوجوانوں کیلئے آئی ٹی شعبہ میں ملک کے اندر مواقع پیدا ہوں ، صنعتکار طبقے کو دیگر شعبوں کے ساتھ آئی ٹی کی صنعت میں سرمایہ کاری کیلئے آگے آنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہم اپنے محل وقوع کا فائدہ اٹھا کر علاقائی اقتصادی مرکز بننا چاہتے ہیں، ہم دنیا سے مالی امداد نہیں بلکہ اقتصادی شراکت داری کے خواہاں ہیں ،ہمیں اپنے نوجوانوں کیلئے آئی ٹی کے جدید رجحانات اور بہتر تربیت سے لیس کرنا ہوگا۔