اسرائیل نے تباہی مچا دی،سیز فائر کے معاہدے کے بعدغزہ پر بمباری شروع

نئے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد غزہ اور فلسطین کے حالات پھر سے کشیدہ ہو گئے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 17 جون 2021 07:17

اسرائیل نے تباہی مچا دی،سیز فائر کے معاہدے کے بعدغزہ پر بمباری شروع
بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جون2021ء) اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے میں فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار فلسطینی خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر دوبارہ بمباری کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی فوج نے کہا کہ فلسطینی خاتون نے ان پر حملے کی کوشش کی، جس پر فائرنگ کی گئی جبکہ اسرائیلی فوج کے کسی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

فلسطین کی وزارت صحت نے کہا کہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئیں۔اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کرکے قتل کرنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب یہودی قوم پرستوں کی بیت المقدس کی طرف مارچ کے اعلان اور غزہ میں فضائی کاروائیوں کے باعث کشیدگی کا خطرہ موجود تھا۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ بیت المقدس کے شمال مشرقی قصبے ہزمہ میں فلسطینی خاتون پر فائرنگ کی گئی جس نے اسرائیلی ڈیفنس فورسز پر حملہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کی جانب سے مغربی کنارے میں کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جہاں گزشتہ ہفتے اسلامک جہاد کے ارکان سمیت دو فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔قبل ازیں اسرائیل نے فلسطین کے ساتھ گزشتہ ماہ 21 مئی کو ہونے والی جنگ بندی کی خلاف وزری کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر جنگی طیاروں سے غزہ میں متعدد حملے کیے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق گزشتہ ماہ ہونے والی جنگ بندی کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر فلسطین پر جنگی طیاروں سے حملے شروع کردیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 10 سے 21 مئی تک اسرائیلی فضائی حملوں میں 66 بچوں سمیت 248 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 948 زخمی ہو گئے تھے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ فضائی حملے حماس کے ٹھکانے پر کیے گئے جہاں وہ تل ابیب پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان سے متعلق تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔منگل کے روز انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے مشرقی بیت المقدس یروشلم میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے مارچ کیا اور عرب مخالف نعرے لگائے تھے۔اس واقعے سے متعلق کہا جارہا ہے کہ اس کے بعد ایک مرتبہ پھر علاقے میں تشدد کو ہوا ملی ہے۔