سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ امسال جنوبی پنجاب میں کپاس کی بوائی کا ٹارگٹ چونتیس لاکھ ایکڑ ہے

اس سلسلہ میں یکم جون تک اکتیس لاکھ ایکڑ پر بوائی کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور باقی ھدف رواں ماہ پورا کر لیا جائے گا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 17 جون 2021 11:45

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ امسال جنوبی پنجاب ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2021ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ امسال جنوبی پنجاب میں کپاس کی بوائی کا ٹارگٹ چونتیس لاکھ ایکڑ ہے اس سلسلہ میں یکم جون تک اکتیس لاکھ ایکڑ پر بوائی کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور باقی ھدف رواں ماہ پورا کر لیا جائے گازراعت پر جاری کی گئی حکومت کی جانب سے سبسڈی کاشتکاروں تک پہنچانے کے عمل کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ بے ضابطگیوں سے بچا جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی ایوان تجارت و صنعت کی ریجنل اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کاٹن اینڈ ٹیکسٹائل کے کنوینیئر ملک طلعت سہیل کی قیادت میں ملاقات کرنے کے موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو آگاہی مہم کے سلسلہ میں محکمہ زراعت کے تمام ادارے فیلڈ میں مصروف عمل ہیں اور کاشتکاروں کو بوائی سے 90دن تک کسی قسم کی پیسٹی سائیڈاستعمال نہ کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں تاکہ  زمیندار کی پیداواری لاگت میں کمی آئے اور اب تک کپاس کی افزائش بہت بہتر ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ امسال بہت بہتر پیداوار حاصل ہو جائے گی کنوینیئر کمیٹی ملک سہیل نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو کپاس کی پیداوار میں اضافہ کے لیے عملی کردار پر خراج تحسین پیش کیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں حکومتی اداروں نے عملی طور پر جس بے حسی کا مظاہرہ کیا اب ماضی کے مقابلہ میں کافی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ ہو رہا ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت،کاشتکار،صنعت و تجارت سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر جنگی بنیادوں پر کپاس بحالی کے لیے مصروف عمل ہو جائیں انہوں نے سیکرٹر ی زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کو بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کی کمیٹی اور پی سی جی اے کسانوں کی ترجیحات میں کپاس کو شامل کرنے کے لیے عملی طور پر مصروف عمل ہیں سابق صدر ملتان ایوان تجارت و صنعت اور پی سی جی اے کی ٹاسک فورس کے کنوینیئر میاں فضل الہی شیخ نے کاٹن زوننگ پر عمل در آمد کے لیے حکومت پنجاب کو کردا ر ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا سابق صدر بہاولپور ایوان تجارت و صنعت ملک اعجاز ناظم اعوان نے کہا کہ کاٹن کنٹرول ایکٹ کو لاگو اور قابل عمل بنانے کے لیے حکومت کو اپنا عملی کردار ادا کرنا ہو گا کمیٹی ممبران خواجہ محمد شعیب،میجر کاشف اسلام،مظہر شعیب خان نے پیسٹی سائیڈ مافیا کا قلع قمع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور زراعت دشمن مافیا کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ملک الطاف ارائیں،خواجہ محمد فاروق،ظفر حسین واہگہ،چوہدری عبدالغفار نے کپاس کی امدادی قیمت اور اس پر عمل درآمد کے عمل کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کو وقت کا تقاضا قرار دیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیعی چوہدری شہزادصابر،ڈاکٹر صغیر احمد بھی موجود تھے اور انہوں نے اپنے اداروں کی جانب سے کپاس کی پیداوار میں اضافہ کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا جبکہ ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کنوینیئر ملک طلعت سہیل کو محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کی اور آئندہ ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ طور پر کپاس کی بہتری کے لیے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق رائے کیا ۔