دلہن سے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم پیش رفت

پولیس نے واقعے میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا،دو ملزمان پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 17 جون 2021 13:20

دلہن سے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم پیش رفت
ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جون 2021ء) دلہن سے اجتماعی زیادتی کیس میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے دلہن سے زیادتی کیس کے ایک ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق شجاع آباد میں پولیس مقابلے کے دوران دلہن سے اجتماعی زیادتی کے کیس کے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دلہن سے زیادتی کیس کے دو ملزمان پہلے ہی مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔

شجاع آباد میں دلہن سے اجتماعی زیادتی کیس کا زیرِ حراست ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا جس کے دو روز بعد ہی ایک اورملزم مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزم شوکت کو برآمدگی کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کی اور ملزم شوکت گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم شوکت کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔دلہن سے زیادتی کے کیس میں4 روز قبل ملزم عابدی بھی ایک مقابلے میں ہلاک ہوا تھا۔واضح رہے کہ ملتان کے علاقے شجاع آباد میں 12 روز قبل 4 ملزمان نے گھرمیں ڈکیتی کے دوران دلہن کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔یہ افسوسناک واقعہ گذشتہ ماہ پیش آیا تھا جب شجاع آباد میں ڈکیتی کی ہولناک واردات پیش آئی ، پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران دلہن کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اور 5 تولےسونا سمیت سوا لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

صوبہ پنجاب کے شہر شجاع آباد کے علاقے موچی پورہ میں شادی کے گھرمیں ڈکیتی کی واردات ہوئی ، جس میں 4 مسلح ڈاکوؤں نے دلہن سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور 5 تولےسونا اورسوا لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔