اشتعال انگیز یہودی فلیگ مارچ کے دوران فلسطینیوں پر تشدد،33 زخمی

اسرائیلی فوج نے یہودی فلیگ مارچ کی مخالفت میں نعرے لگانے والی10فلسطینیوں کو گرفتار کرکے حراستی مرکز میں منتقل کردیا

جمعرات 17 جون 2021 14:54

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) اسرائیلی فوج نے یہودی فلیگ مارچ کی مخالفت میں نعرے لگانے والے 10 فلسطینیوں کو گرفتار کرکے حراستی مرکز میں منتقل کردیا ہے،مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیزمارچ کے موقعے پر فلسطینیوں کو گھروں کے اندر بند کردیا گیا تھا تاہم فلسطینی شہری اسرائیلی پابندیاں توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے قابض پولیس کی ریاستی دہشت گردی اور یہودی شرپسندوں کے اشتعال انگیز مارچ کے خلاف نعرے لگائے۔

ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی پولیس نے فلسطینی شہریوں پر براہ راست گولیاں چلائیں اور ان پرآنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں سے چار کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ادھر بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز مارچ کی قیادت انتہا پسند یہودی لیڈر ایتمار بن گویر نے کی۔ یہ فلیگ مارچ پرانے بیت المقدس میں باب العامود سے شروع ہو کرمقام براق تک پہنچا جہاں انتہا پسند یہودیوں نے تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔اس موقع پر اسرائیلی فوج نے یہودی فلیگ مارچ کی مخالفت میں نعرے لگانے والے 10 فلسطینیوں کو گرفتار کرکے حراستی مرکز میں منتقل کردیا ہے۔