اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری

اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقے سے آتش گیر غبارے اڑانے پر ایک مرتبہ پھر غزہ پر فضائی بمباری کی،رپورٹ

جمعرات 17 جون 2021 14:54

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز فلسطین کے جنگ سے تباہ حال علاقے غزہ کی پٹی پر ایک ماہ سے کم عرصے میں جنگ بندی کے بعد دوبارہ بمباری کی ہے۔ اس بمباری میں فلسطینی مزاحمتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گذشتہ ماہ 11 روز کی جنگ کے بعد اسرائیل نے مبینہ طور پر فلسطینی علاقے سے آتش گیر غبارے اڑانے پر ایک مرتبہ پھر غزہ پر فضائی بمباری کی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مشرقی یروشلم میں یہودی قوم پرستوں نے مارچ کیا ہے جس کی وجہ سے حماس کوئی کارروائی کر سکتا ہے۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے غزہ شہر اور جنوبی قصبے خان یونس میں حماس کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا ہے۔فوج کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی صورتحال کے لیے تیار ہے جس میں غزہ سے ہونے والی دہشت گردی کے جواب میں نئی لڑائی بھی شامل ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق فضائی حملہ غزہ کی سرحد کے قریب غبارے لانچ کرنے کے جواب میں کیا گیا ہے جن کی وجہ سے 20 کھلے مقامات پر آگ لگی۔