سعودیہ آنے والے مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری ہو گئیں

محکمہ پاسپورٹ نے ایک لنک جاری کیا ہے جس پر ویکسین لگوانے کے لیے اندراج کروانا ہوگا، ویکسین لگوا چکے افراد کو بھی رجسٹریشن کروانا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جون 2021 15:16

سعودیہ آنے والے مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری ہو گئیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 جون2021ء) سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے ایک اہم اعلان کیا ہے جس کے مطابق جو افراد پہلے ویکسین لگوا چکے ہیں، انہیں بھی مملکت پہنچنے پر ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن کروانا ہو گی۔ اس حوالے سے سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) نے ایک لنک جاری کر دیا ہے جس کے ذریعے ویکسین کااندراج کروایا جا سکے گا۔

اُردو نیوز کے مطابق جوازات نے بیرون مملکت سے آنے والے ویکسین لگوانے والے اور ویکسین نہ لگوانے والے تمام غیرملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ’ وہ سعودی عرب پہنچنے سے قبل لنک 2u.pw/C9Ab2 کے ذریعے ویکسین کا اندراج آن لائن ضرور کرالیں‘۔ایس پی اے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ’ ویکسین کے آن لائن اندراج کی بدولت ان کی امیگریشن کارروائی جلد مکمل ہوجائے گی اور انہیں ایئر پورٹ یا بری سرحدی چوکی یا بندرگاہ پر طویل انتظار کی زحمت نہیں کرنا پڑے گی‘۔

(جاری ہے)

محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ ’کورونا ویکسین کا آن لائن اندراج جی سی سی ممالک کے شہریوں، مختلف قسم کے نئے ویزا ہولڈرز، مقیم غیرملکیوں، ان کے اہل و عیال سب کے لیے ہے۔ اندراج انہیں بھی کرانا ہوگا جو ویکسین لگوا چکے ہوں اور ان لوگوں کو بھی جنہوں نے ویکسین نہ لگوائی ہو۔ بیان میں محکمہ پاسپورٹ نے کہا کہ’ یہ پابندی کووڈ 19 کو پھیلنے سے روکنے اور سعودی شہریوں نیز مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کی وجہ سے لگائی گئی ہے‘۔

واضح رہے کہسعودی حکومت کی جانب سے دو روز قبل اعلان کیا گیا تھا کہ اس بار صرف سعودی مملکت میں مقیم غیر ملکی اور مقامی باشندے ہی ادا کر سکیں گے اور ان حاجیوں کی تعداد 60 ہزار سے زیادہ نہیں ہو گی۔ اس کے علاوہ خواتین کو بھی تاریخ میں پہلی بار محرم کے بغیر حج کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مزید شرائط اور تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

سعودیہ کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ حج اجازت نامے ابشر کے ذریعے جاری ہوں گے۔ عازمین حج بس میں ایک صحت انچارج تعینات ہوگا۔ ضرورت پڑی تو ہر چار حجاج کے لیے ایک اہلکار تعینات کیا جائے گا۔کورونا وائرس سے ممکنہ طور پر متاثرین کے لیے ہیلتھ آئسولیشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس بار حاجیوں کو اسمارٹ کارڈ جاری ہوگا۔

نائب وزیر حج نے کہا کہ پچاس برس سے زیادہ عمر کے ایسے ویکسین لگوانے والے افراد کو ترجیحی بنیاد پر حج کا موقع دیا جائے گا جنہوں نے پہلے حج نہ کیا ہو۔اٹھارہ برس سے کم عمر کسی بھی شخص کو حج مقامات پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔نائب وزیر حج نے کہا کہ ’حج کی درخواستیں منظور کرنے کے سلسلے میں خواتین اور مردوں اور قومیت کی بنیاد پر ترجیح نہیں ہوگی ۔ حج مقامات پر کھانے پینے کا الگ سے کوئی انتظام نہیں ہوگا۔ اسی طرح حج مقامات پر افراد و اداروں کی جانب سے خوراک پیکٹ فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔