سعودیہ میں ایک اور شہری صحرا میں بھٹک کر زندگی کی بازی ہار گیا

7 روز سے لاپتہ سفر المطیری کی لاش مہد الدہب کے صحرا سے مل گئی، گاڑی بھی پاس ہی موجود تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جون 2021 15:50

سعودیہ میں ایک اور شہری صحرا میں بھٹک کر زندگی کی بازی ہار گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 جون2021ء) سعودی عرب درحقیقت لاکھوں کلو میٹر رقبے پر پھیلے بہت بڑے صحرائی علاقے کانام ہے۔ یہاں کے ریگستانوں کو موت کی دھرتی کہا جاتا ہے۔ اگر کوئی انجان شخص ان صحراؤں میں پھنس جائے تو اس کی جان بچ پانا انتہائی مشکل ہو جاتی ہے۔ ہر سال درجنوں افراد ان صحراؤں میں بھٹک کر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ خصوصاً گرمیوں کے موسم میں یہاں کے صحرا آگ کے کھولتے ہوئے الاؤ کی طرح گرم ہو جاتے ہیں۔

50 ڈگری سے زیادہ کی شدید گرمی اور پانی کی کمی جان لینے کے لیے کافی ہوتی ہے۔سعودی عرب میں موسم گرما میں ایک اور شخص صحرا میں بھٹک کر زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ اس شخص کی لاش خاصی تلاش کے بعد بالآخر ساتویں روز مل ہی گئی ہے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق 50 سالہ سعودی شہری سفر المطیری سات روز قبل مہد الدہب کے صحرائی علاقے میں ایک سفر پر نکلے تھے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ کوئی پتا نہ چل پانے پر گھر والوں نے متعلقہ ادارے کو اطلاع دی۔ سفیر المطیری کی تلاش کے لیے سرکاری اداروں کے اہلکاروں سمیت رضاکاروں کی ایک ٹیم صحرا میں روانہ کر دی گئی جس نے بالآخر المطیری کی گاڑی کو ام عثیم کے علاقے میں دیکھا، جس کے قریب ہی اس کی لاش بھی پڑی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق المطیری کی موت بھوک پیاس کی شدت اور شدید گرمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک سعودی باشندہ ریگستان میں سجدے کی حالت میں مردہ پایا گیا تھا۔ ریاض ریجن کی وادی الدواسرکا ایک شہری جو گزشتہ تین روز سے لاپتہ تھا، اس کی لاش ایک صحرائی مقام سے مل گئی تھی۔ 40 سالہ سعودی ضویحی حمود العجالین تین روز سے لاپتہ ہو گیا تھا، پولیس کی جانب سے اسے مردہ حالت میں تلاش کر لیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق العاجلین کی نعش سجدے کی حالت میں تھی۔

جس سے یہ لگتا ہے کہ وہ اپنی موت کو قریب دیکھ کر خُدا کی عبادت میں مصروف ہو گیا تھا۔ سجدے کی حالت میں ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔العاجلین کی نعش کے قریب ہی اس کی گاڑی بھی کھڑی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے یہی پتا چلتا تھی کہ گاڑی خراب ہونے کے باعث العاجلین اس صحرا میں پھنس گیا۔ بھُوک اور پیاس کی شدت کے باعث اس کی موت واقع ہو گئی۔