بھارتی فوجی نہتے کشمیریوںکامسلسل قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں، رپورٹ

جمعرات 17 جون 2021 17:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںقابض بھارتی فورسز کشمیریوں کی جاری جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے مقبوضہ علاقے میںبیگناہ کشمیری نوجوانوں کامسلسل وحشیانہ قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال بھارتی فوج نے اب تک55 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

رپورٹ میں واضح کاگیا ہے کہ 05اگست 2019 کو مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مقبوضہ علاقے میںنافذ کئے گئے محاصرے کے دوران جاری فوجی کارروائیوں میں فوجیوںنے 357 کشمیریوںکو شہید کیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف جدوجہد کرنے اور اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کامطالبہ کرنے پر جنوری 1989سے اب تک 95ہزار793کشمیریوں کوشہید کیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں افسوس ظا ہر کیاگیا ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کا قتل عام مسلسل جاری ہے ۔ بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز سرینگر میں ایک نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا جبکہ ہفتہ کے روز سوپور قصبے میں تین کشمیریوںکو قتل کیاگیاتھا۔رپورٹ میں مزیدکہا گیا ہے کہ کشمیریوں کی شہادت سے انکے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد دن بہ دن مضبوط ہو رہی ہے اور وہ ثابت قدمی سے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںکا مسلسل قتل عام عالمی برادری کیلئے ایک چیلنج ہے اور اسے فوری طورپر کشمیریوںکی نسل کشیُ رکوانے کیلئے فیصلہ کن انداز میں اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔