کشمیری سیاسی نظر بندوں کوبدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بلال صدیقی

جمعرات 17 جون 2021 17:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے کہا ہے کہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کوبدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بلال احمد صدیقی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوںسے سیاسی نظر بندوں کے حوالے سے ملنے والی رپورٹس کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادھمپور جیل میں نظر بند ڈاکٹر محمد قاسم فکتو جو کئی عوارض میں مبتلا ہیں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فکتو کو انتہائی تنگ و تاریک سیل میں رکھا گیا ہے جہاں انکی بینائی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر شہید رہنما محمد اشرف صحرائی کے ساتھ بھی ادھمپور جیل میں انتہائی ناروا رویہ رکھا گیا اورعلاج ومعالجہ سے محرومی کے باعث بالآخر وہ شہید ہو گئے۔ بلال صدیقی نے کہا کہ دیگر جیلوںمیں بھی کشمیری نظر بندوں کو اسی ظالمانہ رویے کا سامنا ہے۔

بلال صدیقی نے کہا کہ محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، مسرت عالم بٹ ،آسیہ اندرابی ، نعیم احمد خان ، الطاف احمد شاہ ، راجہ معراج الدین ، پیر سیف اللہ ، فاروق احمد ڈار، غلام محمد بٹ، شیخ نذیر احمد ، ڈاکٹر محمد شفیع خان، غلام قادر بٹ، محمد ایوب میر ، محمود ٹوپی والا، ناہیدہ نسرین ،فہمیدہ صوفی اور جھوٹے اور من گھڑٹ مقدمات میں نظر بند دیگر کشمیری حریت رہنمائوںاورکارکنوں کو طبی و دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر خاموشی سے موت کے منہ میں دکھیلا جا رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی رہنمائوں کا یہ وحشیانہ طرز عمل انکی نوآبادیاتی ذہنیت کا عکاس ہے۔ بلال احمد صدیقی نے کہا کشمیری سیاسی نظر بند وں کے ساتھ روا رکھا جانے والا یہ بہیمانہ طرز عمل عالمی ریڈ کراس کمیٹی ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی فوری توجہ کا متقاضی ہے ۔