دُبئی میں غیر ملکی کے اندھے قتل کی واردات کا سراغ مل گیا

بظاہر خود کُشی کا واقعہ قتل کی واردات ثابت ہوئی، رقم کا جھگڑا اصل وجہ تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جون 2021 18:07

دُبئی میں غیر ملکی کے اندھے قتل کی واردات کا سراغ مل گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 جون2021ء) دُبئی پولیس نے چند روز قبل ایک نامعلوم شخص کی لاش ملنے سے متعلق معاملے کا سراغ لگا لیا ہے اور اس گھناؤنی واردات میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ دُبئی پولیس کے مطابق قتل کی یہ اندھی واردات حور ال انز کے علاقے میں پیش آئی تھی۔ دُبئی پولیس کے ڈائریکٹر کرائم سین، کرنل مکی سلمان احمد سلمان نے بتایا کہ اتوار کے روز پولیس کمانڈ روم کو شام 5 بجے ایک کال موصول ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ایک نامعلوم افریقی باشندہ ریت پر بے حس و حرکت پڑا ہو اہے۔

اس میں زندگی کے آثار معلوم نہیں ہو رہے ہیں۔ اس کال کے موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جہاں ایک افریقی مردہ حالت میں پڑا تھا۔ اس شخص کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے فارنزک لیبارٹری منتقل کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات سے یہ ظاہر ہو رہا تھا کہ اس شخص نے خود کُشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ہے کیونکہ موقع پر کسی قتل کی واردات کے کوئی ثبوت نہیں ملے تھے۔

تاہم پولیس نے اپنی تسلی کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا تو مقتول کے کپڑوں پر پائے جانے والے خون کے دھبوں سے پتا چل گیا کہ اس پر کسی نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا تھا۔ فارنزک ٹیم نے جائے واردات کا بغور جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ یہ واقعہ خود کشی کا نہیں بلکہ قتل کا ہے۔ جس کے بعد کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ نے فوری طور پر تحقیقات شروع کر دیں۔

ڈیلی گلف اُردو کے مطابق افریقی مقتول کے ان ہم وطنوں سے پوچھ گچھ کی گئی جن کے ساتھ اس کا رابطہ تھا۔ آخر کار پتا چلا کہ مقتول کا اپنے ایک ہم وطن سے کسی بات پر جھگڑا چل رہا تھا۔ جب اس شخص کو گرفتار کیا گیا تو اس نے قتل کی واردات کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس کے مقتول کے ساتھ ایک مالی معاملے پر جھگڑا تھا۔ جس کی وجہ سے اس نے طیش میں آ کر یہ اقدام اٹھایا ہے۔ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے مزید تفتیش کی خاطر پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔