جیکب آباد :سندھ میں زرعی پانی کی چوری ، کرپشن ، بدامنی کے خلاف جے یو آئی کا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا

جمعرات 17 جون 2021 19:23

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) سندھ میں زرعی پانی کی چوری ، کرپشن ، بدامنی کے خلاف جے یو آئی کا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام جیکب آباد کی جانب سے سندھ کے مسائل کے حل کیلئے ایک احتجاجی جلوس ضلعی دفتر سے پریس کلب جیکب آباد تک ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں نکالا گیا، مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ تھے جن پر کرپشن نامنظور، بدامنی ختم کرو، پانی کی چوری بند کرو جیسے نعرے درج تھے مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں شاہی بازار، بانو بازار، سٹی تھانہ روڈ، قائد اعظم روڈ سے ہوتے ہوئے شہر کے اہم ڈی سی چوک پر دھرنا دیکر چاروں طرف سے روڈ بلاک کردیا، بعد میں پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی، اس موقع پر ڈاکٹر اے جی انصاری،مفتی عبدالشکور کھوسہ،مولانا سلیم اللہ بروہی، مولانا عبدالجبار رند، اسداللہ حیدری، مولانا تاج محمد بھٹی، مفتی عبدالسلام بھٹو، عبدالرزاق بنگلانی، قای عنایت اللہ مہر، مولانا عبد المجید کھوسو، مولانا وزیر احمد سیانچ، مولانا شبیر احمد شیخ، چاکر خان جکھرانی، تاج محمود امروٹی، محکم الدین بروہی، عبیداللہ سندھی، محمدمعاویہ بنگلانی، محمد موسیٰ مہر، عبداللہ رند اور دیگر نے خطاب میں کہا کہ وفاقی حکومت کی طرح سندھ حکومت نے بھی سندھ کو تباہی کے کنارے پر پہنچا دیا ہے، کرپشن اور اقربا پروری عروج پر ہے،ترقیاتی فنڈز سے صرف اپنی جیبوں اور تجوریوں کو بھری جاتی ہیں جس کی وجہ سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں،سندھ میں بدامنی عروج پر ہے ہر جگہ گندگی کے بدبودارڈھیروں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے زرعی پانی وڈیرے اور بااثر چوری کررہے ہیںاور شہریوں کو پینے کا بدبودار پانی فراہم کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کی تعلیم اور صحت تباہی کے کنارے پر پہنچ چکی ہے۔