اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پنجاب کی ٹرانسپورٹ کا سارا بجٹ ہڑپ کر گیا

حکومت پنجاب کا آئندہ مالی سال میں ٹرانسپورٹ پنجاب کیلئے مختص 16 ارب کے بجٹ میں سے 15 ارب سے زائد صرف اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر خرچ کرنے کا فیصلہ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 17 جون 2021 18:36

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پنجاب کی ٹرانسپورٹ کا سارا بجٹ ہڑپ کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 17جون 2021) ر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پنجاب کی ٹرانسپورٹ کا سارا بجٹ ہڑپ کر گیا، حکومت پنجاب کا آئندہ مالی سال میں ٹرانسپورٹ پنجاب کیلئے مختص 16 ارب کے بجٹ میں سے 15 ارب سے زائد صرف اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر خرچ کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پھر ٹرانسپورٹ پنجاب کا سارا بجٹ ہڑپ کر گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ٹرانسپورٹ منصوبوں کیلئے مختص بجٹ کا 92 فیصد صرف ایک ٹرین پر خرچ ہوگا۔دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال میں محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کیلئے 16 ارب 80 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے۔ 16 ارب 80 کروڑ میں سے 15 ارب 59 کروڑ 71 لاکھ صرف اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر خرچ ہونگے۔پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے باقی منصوبوں کیلئے باقی ماندہ صرف ایک ارب 20 کروڑ خرچ ہونگے۔

(جاری ہے)

15 ارب 77 کروڑ براہ راست اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر خرچ ہونگے۔بجٹ دستاویزات کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے سپورٹ سروسز پر 27 کروڑ 80 لاکھ اور پیکج ٹو پر 3 کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار خرچ ہونگے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے پیکج تھری پر 3 کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار اور پیکج فور یارڈ پر بھی 3 کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ ہونگے۔واضح رہے کہ کھربوں روپے کے اورنج لائن منصوبے کی وجہ سے لاہور شہر کے انفراسٹرکچر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

شہر میں بڑھتے ہوئے مسائل کی وجہ سے کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ایل ڈی اے نے ریلوے سٹیشن فلائی اوور، کریم بلاک فلائی اوور، گلاب دیوی انڈر پاس اور شاہکام چوک فلائی اوور کی تعمیر کا فیصلہ کیا تھا، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد محکمہ خزانہ پنجاب سے 9 ارب روپے کے فنڈ مانگے گئے۔تاہم محکمہ خزانہ نے لاہورکے میگا منصوبوں کیلئے ایل ڈی اے کو 9 ارب روپے دینے سے انکار کردیا۔

محکمہ خزانہ پنجاب نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے پاس لاہور شہر میں نئے منصوبے شروع کرنے کیلئے بجٹ نہیں ہے۔ جب تک میٹرو ٹرین دس ارب روپے کا قرضہ واپس نہیں کرتی تب تک ایل ڈی اے کو 9 ارب روپے جاری نہیں کئے جا سکتے۔ واضح رہے کہ لاہور میں پاکستان کی پہلی اورنج لائن میٹرو ٹرین گزشتہ برس چل پڑی تھی۔