ڈیجیٹل پاکستان بنانے کا منصوبہ، حکومت نے ملک میں 5 جی ٹیکنالوجی لانچ کرنے کا اعلان کر دیا

وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کو ’ڈیجیٹل پاکستان‘ بنانے کا منصوبہ، پشاور میں 40 کنال پرمشتمل ڈیجیٹل کمپلیکس اور مردان میں اسپیشل اکنامک زون بنانے کی تیاریاں مکمل، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا عاطف خان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 17 جون 2021 18:54

ڈیجیٹل پاکستان بنانے کا منصوبہ، حکومت نے ملک میں 5 جی ٹیکنالوجی لانچ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 17جون 2021) وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کو ’ڈیجیٹل پاکستان‘ بنانے کا منصوبہ، پشاور میں 40 کنال پرمشتمل ڈیجیٹل کمپلیکس اور مردان میں اسپیشل اکنامک زون بنانے کی تیاریاں مکمل، حکومت نے ملک میں 5 جی ٹیکنالوجی لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے پاکستان کو ’ڈیجیٹل پاکستان‘ بنانے کے منصوبے پر عمل درآمد تیزی سے جاری ہے، اِسی سلسلے کی ایک کڑی پاکستان کے مختلف علاقوں میں سپیشل اکنامک زون اور ڈیجیٹل کمپلکس کی تیاری ہے۔

اس حوالے سے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خیبر پختونخواہ عاطف خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں5جی ٹیکنالوجی استعمال کرنےکی کوشش کی جارہی ہے ، 5 جی ٹیکنالوجی کی اسپیڈ 10گنا زیادہ ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خیبر پختونخواہ عاطف خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹیکنالوجی سےمیڈیکل اوردوسرےشعبوں میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں، 5جی کے استعمال سے متعلق منفی تاثر دیا جاتا ہے جو کہ بے بنیاد ہے۔

عاطف خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں5 جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، 5جی ٹیکنالوجی کی اسپیڈ 10گنا زیادہ ہوگی۔صوبائی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ ، 40 کنال پرمشتمل پشاورمیں ڈیجیٹل کمپلیکس اور مردان میں اسپیشل اکنامک زون بنایاجائےگا جبکہ سوات میں آئی ٹی پارک کی تعمیربھی منصوبوں میں شامل ہیں۔گذشتہ روز وزارت آئی ٹی کے تحت بنوں میں ملک کا 20 واں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا گیا ، پارک بنوں یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں خیبر پختونخواہ آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے قائم کیا گیا۔

اس حوالے سے پاکستان سافٹویئر ایکسپورٹ بورڈ، خیبرپختونخواہ آئی ٹی بورڈ اور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب آئی پارک کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس کیلیے جنوبی کوریا بھی رقم فراہم کریگا۔اس منصوبے میں سرمایہ کاری کے علاوہ جنوبی کوریا آئی پارک کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔

کراچی کے علاوہ وفاقی حکومت ملک کے دیگر شہروں میں بھی آئی ٹی پارکس کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو ترقی دینا ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے لاکھوں مواقع بھی پیدا ہوں گے۔کراچی میں آئی پارک کے قیام پر 31 ارب روپے لاگت آئے گی جس میں سے 26 ارب روپے بطور بیرونی قرض کے لیے جائیں گے جبکہ دیگر 15 فیصد رقم وفاقی سرکاری ترقیاتی پروگرام کے بجٹ سے فراہم کی جائے گی۔

اس مجوزہ آئی ٹی پارک میں 210 کمپنیاں کام کریں گی اور تقریبا 8 ہزار 400 افراد کو روزگار فراہم ہوگا۔ اس سے قبل ایک خبر سامنے آ ئی تھی کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن اور سیاحتی مقامات پرسیاحوں اور مقامی افراد کو سہولیات دینے کے عزم کی تکمیل کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن نے دنیا کے حسین ترین خطوں میں شامل پاکستان کے سوئٹزرلینڈ وادی سوات کیلئے 2 اہم ترین منصوبے شروع کردیئے ہیں۔

پہلے منصوبے کے تحت سوات کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے افراد کیلئے 78 کروڑ روپے سے زائدلاگت سے یونیورسل سروس فنڈ ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم کریگا جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت مینگورہ میں 22 ہزار مربع فٹ پر جدید سہولیات سے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائیگااس سلسلے میں جمعرات کو منعقدہ اہم تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید شریک ہوئے اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو حارث محمود چوہدری، مینجنگ ڈآئریکٹر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ عثمان ناصر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔