سیفی بھائی ہم سب کا فخر ہیں،شاہین آفریدی نے خاموشی توڑ دی

سرفراز احمد کی عزت کے لیے مجھے خاموش رہنا چاہیے تھا،میچ جو بھی کچھ ہوا وہ ہیٹ آف دی موومنٹ تھا: فاسٹ بائولر کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 جون 2021 18:56

سیفی بھائی ہم سب کا فخر ہیں،شاہین آفریدی نے خاموشی توڑ دی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جون 2021ء ) پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے میچ کے دوران سرفراز احمد سے گرما گرمی کے معاملے پر شاہین آفریدی نے خاموشی توڑ دی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے سرفراز احمد سے معذرت کرلی۔

شاہین آفریدی نے لکھا کہ ’سیفی بھائی ہم سب کا فخر ہیں،وہ میرے کپتان تھے اور ہمیشہ رہیں گے، میچ جو بھی کچھ ہوا وہ ہیٹ آف دی موومنٹ تھا، فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ’’سرفراز احمد کی عزت کے لیے مجھے خاموش رہنا چاہیے تھا۔‘ شاہین آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے ہمیشہ اپنے سینئرز کا احترام کیا ہے ،ان کے لیے دعا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے‘‘۔

(جاری ہے)

یاد رہے گذشتہ دنوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی اننگز میں کپتان سرفراز احمد اور شاہین آفریدی ‏آپس میں الجھ پڑے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے اپنی رائے کا اظہار کیا ‏تھا، کچھ صارفین سرفراز احمد کی حمایت میں سامنےآئے تو کچھ نے شاہین شاہ آفریدی کے جارحانہ ‏مزاج کی حمایت کی تھی۔