اقوام متحدہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں نسل کشی ، زیر حراست قتل بند کرائے، اے پی ایچ سی

بی جے پی کے زیر حکومت بھارت میں اقلیتیں خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں، رپورٹ

جمعرات 17 جون 2021 19:29

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں محاصر ے اورتلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں شہری آبادی کی نسل کشی اور زیر حراست قتل کے بہیمانہ واقعات رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں عالمی ادارے پر زور دیا کہ وہ طویل عرصے سے حل طلب مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرائے۔

انہوںنے کہا کہ بھارت نے جموںوکشمیر پر قطعی طور پر غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے لہذا سے یہ حق نہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کی تحریک جسے کشمیریوں کی مکمل حمایت حاصل ہے کو طاقت کے بل پر دبائے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسرو س کی طرف سے جمعرات کو جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارت فورسز نے رواں برس اب تک 55کشمیری شہید کیے ہیں ۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے 5اگست 2019کو مسلط کیے کیے گئے فوجی محاصرے کے بعد سے بھارتی فوجیوں نے 357بیگناہ کشمیری شہید کیے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جب سے بھارتیہ جنتاپارٹی بھارت میں برسراقتدار آئی ہے نہ صرف کشمیریوں بلکہ بھارت بھر میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمان خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں کیونکہ ان پر ہندو جتھوں کی طرف سے حملے بڑھ گئے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما چوھری شاہین اقبال کی قیادت میں ایک وفد گجر خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلع شوپیاں کے علاقوں ترک پتھری اور جنم پتھری گیا اور بھارتی انتظامیہ کی طر ف سے مکانات کی مسماری پر انکے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ جموںوکشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے عملی طور پر کچھ نہ کرنے کے بجائے خود نمائی اور خود سرائی پر نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوںنے کہا کہ دو نام نہاد یونین اکائیوں میں تقسیم کے بعد مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام مسائل کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں لیکن مودی حکومت کو کشمیریوں کی تکالیف کی بالکل پروا نہیں۔ بھارتی پولیس کے کائونٹر انٹیلی جنس ونگ نے سرینگر کے علاقے نواکدل میں دستکاریوں کے ایک تاجر کے گھر پر چھاپہ مار ا اور تجارت سے متعلق انکی دستاویزات ضبط کر لیں۔

معروف کشمیری سکالر قاضی نثار اور دیگر کشمیری شہداء کو انکی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بھارت کورونا وبا کی تباکاریوں کی باوجود ہندوئوں کی سالانہ امرنا تھ یاترا کے انعقاد پر تیار نظر آرہا ہے ۔شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے انتظامات کیلئے ٹرینڈرز بھی طلب کر لیے ہیں۔ تحریک کشمیر’ یو کے ‘نے برطانیہ اور جی سیون ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل بند کریںجو کشمیراوراسرائیل میں نسل کشی میں مصروف ہیں۔