نئی نسل کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے حکومت پرعزم ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری

جمعرات 17 جون 2021 21:34

نئی نسل کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے حکومت پرعزم ہے،وفاقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ نئی نسل کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے حکومت پرعزم ہے، سیرت النبیؐ کو بطور مضمون نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ جمعرات کو وہ قومی مقابلہ حفظ و قرات کے اختتامی سیشن کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مقابلہ میں اول، دوم اور سوم آنے والے قرااور حفاظ میں اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر شعبہ دعوہ و زیارات اور مقابلے کے جج صاحبان نے اپنی انتھک محنت سے مقابلے کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کا کام کرنے والے تمام لوگ انعام یافتہ ہیں۔ قرآن حکیم کی برکات سے کوئی بھی محروم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام بچے خواتین و حضرات اور ان کے والدین انتہائی خوش نصیب لوگ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیامت کے دن حفاظ و قراکو انتہائی اعلی مقام ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن پڑھنے والے لوگ ملائکہ کو اپنا گواہ بناتے ہیں۔ ہمیں قرآن پاک سے اپنی وابستگی قائم رکھنی چاہیے کیونکہ قرآن حکیم سے نسبت اس امت کا اسلوب ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت کے اسلاف کا قرآن حکیم سے خصوصی تعلق تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن حکیم کی مختلف قراکی تلاوت سننا میرا معمول ہے، حکومت نئی نسل کو قرآن حکیم کی تعلیمات سے روشناس کروانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قرآن پاک اور سیرت النبیؐ کو فروغ دینے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے چاروں مسالک کا متفقہ ترجمہ قرآن پاک کا اردہ ترجمہ کے ساتھ تیار کیا ہے۔ سیرت النبیؐکو بطور مضمون نصاب تعلیم میں شامل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :