پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیدیا

عثمان خواجہ کی شاندار سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 جون 2021 19:48

پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 248 رنز کا ..
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 26 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز عثمان خواجہ اور کولن منرو نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاور پلے میں نصف سنچری شراکت قائم کی۔

یونائیٹڈ کی اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 98 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن 48 رنز بنانے والے کولن منرو اسپنر شعیب لک کی گیند سمجھنے میں ناکام رہے اور بولڈ ہوگئے۔قائم مقام کپتان عثمان خواجہ نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔آصف علی نے وکٹ پر آتے ہی روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور 14 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی ۔

(جاری ہے)

آصف نے ثمین گل کے ایک ہی اوور میں 22 رنز بٹورے لیکن اسی اوور میں وکٹ بھی گنوا بیٹھے۔

برینڈن کنگ اور خواجہ نے آصف علی کی طرح جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صرف 43 گیندوں پر 102 رنز جوڑے۔ عثمان خواجہ نے اننگز کے آخری اوور میں لگاتار دو چھکے لگا کر ناصرف سنچری مکمل کی بلکہ ستھ ساتھ پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کے سب سے بڑے سکور کا نیا ریکارڈ بھی بنا دیا۔ اسلام آباد نے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے، عثمان نے 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 105 جبکہ برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے اور پشاور زلمی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں عثمان خواجہ (کپتان)، کولن منرو، برینڈن کنگ، طلعت حسین، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، ظفر گوہر، فواد احمد، عاکف جاوید شامل ہیں جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، امام الحق، شعیب ملک، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، ابرار احمد، عمید آصف، وقار سلام خیل اور ثمین گل پر مشتمل ہے۔