شہباز شریف نے عوام کے سامنے مگر مچھ کے آنسو بہائے مگر قوم ہنستی رہی‘فردوس عاشق

ظل سبحانی دوم نے ڈھٹائی اور دیدہ دلیری سے اپنے تمام گناہ حکومت وقت کی جھولی میں ڈال دئیے ظل سبحانی لندن میں علاج کرانے کی بجائے نواسے کے پولو میچ انجوائے کررہے ہیں پنجاب اسمبلی کو پہلوان کے اکھاڑے میں بدلا گیا،پنجاب اسمبلی کے احاطے میں پریس کانفرنس

جمعرات 17 جون 2021 21:34

شہباز شریف نے عوام کے سامنے مگر مچھ کے آنسو بہائے مگر قوم ہنستی رہی‘فردوس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ظل سبحانی دوم نے ڈھٹائی اور دیدہ دلیری سے اپنے تمام گناہ حکومت وقت کی جھولی میں ڈال دئیے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ہماری حکومت شاہی خاندان کا پھیلایا ہوا گند صاف کرنے میں مصروف عمل ہے۔ کوئی ادارہ شاہی خاندان کے شر سے محفوظ نہیں رہا۔

شاہی خاندان نے جس طرح ہر ادارے کو گدھ بن کر نوچا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔شہباز شریف نے عوام کے سامنے مگر مچھ کے آنسو بہائے مگر پوری قوم ہنستی رہی ۔شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کے ضامن تھے جو اشتہاری قرار دئیے جا چکے ہیں ۔ظل سبحانی لندن میں علاج کرانے کی بجائے نواسے کے پولو میچ کو انجوائے کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف وہپ علی عباس شاہ ،پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ندیم قریشی اور ایم پی اے ثانیہ کامران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہبازشریف کی تقریر ایک ایسی فلم تھی جو کامیڈی، ایکشن اور آب بیتی کی داستان پر مبنی تھی ۔ عوام جانتی ہے وہ کونسی جماعت ہے جس نے مسائل کو پیدا کیا اور قومی وسائل کو چونا لگایا۔ ہر جرم کی آبیاری و نگہبانی رائیونڈ اور ماڈل ٹائون ہیڈ کوارٹر سے ہوتی رہی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عام پاکستانی کے حقوق کا قتل کر کے قومی خزانہ کو درباریوں و حواریوں پر لٹایا گیا۔ وزیر اعظم نے قوم کی پائی پائی اکٹھاکرکے نگہبانی کے فرائض سرانجام دئیے۔ پنجاب جو کہ بارہ سو ارب روپے کے خسارے میں تھا وہاںاب ترپن ارب سرپلس میں بجٹ پیش ہوا۔ پنجاب میں دو نہیں ایک پاکستان کے نعرے کو عثمان بزدار نے عملی تعبیر دی ۔

پینتیس فیصد بجٹ جنوبی پنجاب کیلئے مختص کر کے سرائیکی عوام سے وعدہ پورا کیا گیا۔ اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں کیونکہ حکومت عوام دوست بجٹ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ صحت ،تعلیم، خواتین اوراقلیت سمیت ہر شعبہ کی ترقی کی ضمانت بجٹ میں دی گئی ہے ۔ اپوزیشن کے پاس تنقید کرنے کے لئے الفاظ نہیںہیں اس لئے روایتی غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے۔

بجٹ پیپر کوجہازبنا کر اور سیٹیاں بجاکر پارلیمانی اقدار کی پامالی کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کو پہلوان کے اکھاڑے میں بدلا گیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ یہ کیسی موروثی سیاست ہے جس میں شاہی خاندان کے ایک فرد نے قومی اسمبلی میں بجٹ پر تقریر کی جبکہ ان کے ولی عہدپنجاب اسمبلی میں تقریر کریں گے یہی نسل در نسل غلامی ہے۔عوامی مفاد کی آواز شاہی خاندان مزاج کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق لاہور و گوجرانوالہ میں ویکسین کی شارٹیج نہیں ہے اگر کہیں کوئی شارٹیج ہے تو اسے فوری دور کیا جائے گا ۔