شدید حبس اور گرمی میں کراچی کے شہری بجلی اور پانی کیلئے ترس رہے ہیں،شیخ الحدیث مولانا نورالحق

آج کراچی کے عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر بجلی اور پانی کے بدترین بحران کے خلاف کراچی پریس کلب پر موجزن ہو گا،امیرجے یو آئی کراچی جنوبی

جمعرات 17 جون 2021 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) جمعیت علمااسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیرشیخ الحدیث مولانا نورالحق نے کہاہے کہ شدید حبس اور گرمی میں کراچی کے شہری بجلی اور پانی کیلئے ترس رہے ہیں،جعلی مینڈیٹ سے قائم ہونے والی حکومت عوام کے مسائل حل نہ کر سکی،آج 18جون کو کراچی کے عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر بجلی اور پانی کے بدترین بحران اور مہنگائی کے خلاف کراچی پریس کلب پر موجزن ہو گا،ان خیالات کا اظہارانہوںنے جامعہ محمودیہ لیاری میں ضلعی جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں مفتی محمدحسن لانگاہ،مولانا سید حسین احمد،قاری نورالامین،قاری محمدشعیب،قاری نورالرحمن صدیقی،مولانا نصیر اللہ چغرزئی،عبدالحق مخلص،عبیداللہ شاہ،مفتی محمدداد، مولانا نسیم حجازی، عبدالقیوم، عبدالوحیدسولنگی، ڈاکٹرموذمبرخان ،سمیت دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 18جون کو بجلی اور پانی کے بدترین بحران کے خلاف کراچی پریس کلب میں بھرپو رشرکت کی جائے گی،29جولائی کوکراچی میں پی ڈی ایم کے جلسہ عام کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔

شیخ الحدیث مولانا نورالحق نے کہاکہ توانائی بحران ختم کرنے کے دعویدار بحران کے خاتمے کی مدت بڑھانے میں مصروف ہیں، اتنی نالائق اور نکمی حکومت پاکستان کے عوام نے آج تک نہیں دیکھی، مولانا فضل الرحمن کی جدوجہد عوام کو ان کے حقوق دلا کر رہے گی اور غریب اور مظلوم عوام کا خون چوسنے والے ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچائے گا۔