صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنر ہائو س میں اعلی سطحی اجلاس

اجلاس میں K4 اور TP-4 پراجیکٹس سے متعلق تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 17 جون 2021 22:17

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنر ہائو س میں اعلی سطحی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت پینے کے پانی کے معاملات پر گورنر ہاو س میں اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں K4 اور TP-4 پراجیکٹس سے متعلق تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل ، ایم پی اے حلیم عادل شیخ ، ایم پی اے فردوس شمیم نقوی اور حبکو کے ماہرین کی 5 رکنی ٹیم اجلاس میں شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کراچی میں پانی کی قلت پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور پانی کی کمی ختم کرنے کے لئے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب جیسے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت کی۔ اس ضمن میں پانی کے پائیدار حل کے لئے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی جس کی رپورٹ اور عملی سفارشات پر عملدرآمد کی بھی ہدایات دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندے ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

ماہرین کی ٹیم نے صدر مملکت کے ساتھ پانی کے دستیاب وسائل ، جاری منصوبوں اور مستقبل کی اسکیموں کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی۔ حبکو ٹیم نے صدر مملکت کو کراچی سمیت صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں ریورس اوسموس پلانٹس کی ممکنہ تنصیب کے حوالہ سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔