میں پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہو چکا ہوں میرا اب پاکستان کی تعفن زدہ سیاست سے کوئی تعلق نہیں، علامہ طاہر القادری

سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء اور متاثرین کے لئے آواز اٹھانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، نوازشریف اور شہباز شریف اللہ کی پکڑ سے اپنے بدتر انجام کو پہنچ چکے عمران خان اور ان کی پارٹی جو ساتھ احتجاج میں شریک ہو کر مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی قسمیں کھاتے تھے وہ انصاف کے لئے کوئی قدم اٹھانے کو تیار نہیں حکومت اپنے سیاسی مقاصد کی خاطر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کو قانونی گرفت میں نہیں لارہی ہے، شہداکے خون سے انصاف کیاجائے،سابق سربراہ پاکستان عوامی تحریک

جمعرات 17 جون 2021 22:22

میں پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہو چکا ہوں میرا اب پاکستان کی تعفن زدہ ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سابق سربراہ علامہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ میں پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہو چکا ہوں میرا اب پاکستان کی تعفن زدہ سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، لیکن سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء اور متاثرین کے لئے آواز اٹھانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، نوازشریف اور شہباز شریف اللہ کی پکڑ سے اپنے بدتر انجام کو پہنچ چکے لیکن عمران خان اور ان کی پارٹی جو ہمارے ساتھ احتجاج میں شریک ہو کر سانحہ کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی قسمیں کھایا کرتے تھے وہ انصاف فراہم کرنے کے لئے کوئی قدم اٹھانے کو تیار نہیں ہیں اور تین سے ان کی زبانیں بھی بند ہیں، عمران خان بتائیں کہ اس کی کیا وجہ ہے۔

پاکستان عوامی تحریک حیدرآباد کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلانے کے لئے حیدرآباد پریس کلب پر یونس قادری، سید کامران پرویز، نایاب انصاری ودیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

علامہ طاہر القادری کا خطاب بھی سنوایا گیا جنہوں نے کہا کہ ٹھیک ہے انصاف فراہم کرنا عدالتوں کا کام ہے لیکن ملزموں کو گرفتار کرنا ان کو سرکاری عہدوں سے ہٹانا یہ حکومت کا کام ہے مگر عمران خان کی حکومت نے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا اور ملوث تمام افسران اسی طرح پروٹوکول کے ساتھ اپنے مناصب پر قائم ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی پکڑ کی وجہ سے نوازشریف سزایافتہ ہیں اور شائد اب وہ کبھی وطن کی مٹی نہ دیکھ سکیں گے اور شہباز شریف بھی جیلیں کاٹ رہے ہیں لیکن عمران خان کی حکومت کے دور میں شہداء اور زخمیوں کے وارث در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور انہیں انصاف نہیں رہا، دیگر مقررین نے کہاکہ 7 سال گزرنے کے باوجود ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کو انصاف نہیں مل سکا ہے، ماڈل ٹاؤن واقعہ ملکی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے جس کو بھلایانہیں جاسکتا،انہوںنے کہاکہ حکومت اپنے سیاسی مقاصد کی خاطر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کو قانونی گرفت میں نہیں لارہی ہے، شہداکے خون سے انصاف کیاجائے۔