ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اینگن التان سے فراڈ کرنے والا ملزم کاشف ضمیرجسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

عدالت نے ملزم کاشف ضمیر کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے کل دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 جون 2021 12:32

ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اینگن التان سے فراڈ کرنے والا ملزم کاشف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جون 2021ء) : عدالت نے ارطغرل غازی کےمرکزی کردار اینگن التان سےفراڈ کرنے والے ملزم کاشف ضمیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈپرپولیس کےحوالے کر دیا اور پولیس کو ملزم کو کل دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اینگن التان سےفراڈ کرنے والے ملزم کاشف ضمیر کو پیش کیا گیا ۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے، تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے ملزم کاشف ضمیر کوایک روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کےحوالے کیا اور پولیس کو حکم دیا کہ کل دوبارہ ملزم کو پیش کیا جائے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اور ترک اداکار اینگن التان نے کاشف ضمیر کے خلاف آئی جی پنجاب کو ایک شکایتی ای میل بھیجی تھی، جس میں انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کا ذکر کیا اور ثبوت بھی فراہم کیے۔

(جاری ہے)

ترک اداکار کی ای میل موصول ہونے کے بعد آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو تحقیقات اور ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ سی سی پی او لاہور نے تھانہ اقبال ٹاؤن کی پولیس نے جب کاشف ضمیر کے گھر جب چھاپہ مارا تو وہاں سے سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی برآمد ہوئی، جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کیا اور کاشف ضمیر کے خلاف مقامی تھانے ''نشتر'' میں ایک اور مقدمہ پولیس اہلکار کی مدعیت میں درج کرلیا۔

ڈی ایس پی سی آئی اے میاں شفقت نے کہا کہ ''کاشف ضمیر جعلی سونا پہن کر لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتا ہے، کاشف ضمیر نے ترک اداکار کے ساتھ فراڈ کر کے پاکستان کے تشخص کو خراب کرنے کی کوشش کی۔'' کاشف ضمیر نے گھر پر چھاپے مارنے والے پولیس اہلکاروں کے سامنے خود کو سرکاری افسر ظاہر کیا لیکن وہ ثبوت اور بے گناہی پیش کرنے میں ناکام رہا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو گرفتار کر کے تھانہ اقبال ٹاؤن منتقل کردیا گیا ہے۔