سعودیہ میں آج کہیں بارش پڑے گی تو کہیں شدت کی گرمی ہوگی

مکہ اور مدینہ میں شدید گرمی ہو گی، ریاض میں گرمی کم ہو گی، دوپہر کے مغربی اور جنوبی مغربی علاقوں میں بارش ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 جون 2021 12:34

سعودیہ میں آج کہیں بارش پڑے گی تو کہیں شدت کی گرمی ہوگی
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جون2021ء ) سعودی عرب میں موسم کے تیور مسلسل بدل رہے ہیں۔ کہیں موسلادھار بارش سے ٹھنڈ ہونے لگتی ہے تو کہیں ایسی شدت کی گرمی کہ گھر سے ایک منٹ کے لیے بھی پیر دھرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ سب لوگ گھروں تک ہی محدود رہنے کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔ آج کے روز سعودیہ میں موسم انتہائی گرم ہو گاتاہم مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں بیشتر مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہو گی۔

جبکہ بالائی علاقوں میں موسم معتدل رہے گا۔ مشرقی اور وسطی علاقوں میں چلنے والی گرم اور گرد آلود ہوائیں ڈرائیورز کا خوب امتحان لیں گی۔ آج رات بھی خاصی گرمی ہو گی۔ مکہ اور مدینہ میں آج سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا جو سخت گرم ہونے کا اشارہ ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ریاض میں گرمی کچھ کم ہو گی جہاں درجہ حرارت 43 رہے گا۔ اس سعودی عرب میں ریکارڈ گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سعودیہ کے مشہور ماہر موسمیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اگلے دو ماہ کے دوران مقامی اور تارکین افراد دوپہر کے وقت لمبے سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگلے 60 روز کے دوران صحرائی علاقوں میں ناقابل برداشت گرمی ہو گی، جس سے انسانی صحت اور زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ان دو ماہ کے دوران صحرائی علاقوں اور ان سے گزرنے والی شاہراہوں پر گرد و غبار کے جھکڑ بھی چلیں گی۔

ہواؤں کے ساتھ گرم ریت کے اُڑنے سے حدِ نگاہ بھی متاثر ہو گی، جس کے پیش نظر ڈرائیورز کو انتہائی محتاط ڈرائیونگ کرنا ہو گی اور حدِ رفتار کی پابندی پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔ خصوصاً سعودیہ کے علاقے جازان اور جنوب مغربی علاقوں میں دوپہر کے وقت قیامت کی گرمی ہو گی۔ جن افراد کو کہیں دُور کا سفر کرنا ہے، وہ صبح سویرے گھر سے نکلیں یا پھر شام کے وقت نکلنا مناسب رہے گا ورنہ مشکل میں گھر سکتے ہیں۔