شاہ محمود قریشی یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی پر گفتگو

کورونا وبا کی دقتوں کے باوجود دونوں اطراف نے اپنے روابط اور بات چیت جاری رکھی جو لائق تحسین ہے،وزیر خارجہ کی گفتگو جی ایس پی پلس کے تسلسل تعاون سے پاکستان اور یورپی یونین ممالک میں معیشت وتجارت مزید پروان چڑھانے میں مددملے گی، بات چیت افغان امن عمل میں سہولت کاری، افغان مہاجرین کی آبادکاری میں تعاون اور انخلاء کے بعد افغانستان کے استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

جمعہ 18 جون 2021 16:04

شاہ محمود قریشی یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، ..
انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے اجلاس کے موقع پر ترکی میں یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے جوزف بورئیل سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی ۔ جوزف بورئیل خارجہ امور کے لئے یورپی یونین کے اعلی نمائندے اوریورپی کمشن کے نائب صدر ہیں ۔

ملاقات میں دونوں رہنماوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی ۔ملاقات میں افغان امن عمل اور غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اوریورپی یونین سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان پر عمل درآمد سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جون 2019 میں طے پانے والے اس پلان سے کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کے فریم ورک کے لئے مضبوط بنیادیں فراہم ہوئیں۔ انہوںنے کہاکہ کورونا وبا کی دقتوں کے باوجود دونوں اطراف نے اپنے روابط اور بات چیت جاری رکھی جو لائق تحسین ہے۔ انہوںنے کہاکہ جی ایس پی پلس دوطرفہ طورپر مفید ثابت ہوا ، دونوں طرف کی تجارت کے فروغ میں اس نے اہم کردار ادا کیا،جی ایس پی پلس کے تسلسل تعاون سے پاکستان اور یورپی یونین ممالک میں معیشت وتجارت مزید پروان چڑھانے میں مددملے گی۔

وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے جی ایس پی پلس سے متعلق27 نکاتی انٹرنیشنل کنونشز پر موثر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، ایف اے ٹی ایف کی طرف سے اٹھائے گئے 27 نکات میں سے 26 نکات پر عملدرآمد مکمل کر چکا ہے - توقع ہے کہ فیٹف کے آئندہ اجلاس میں پاکستان کی سنجیدہ کاوشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، گرے لسٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے گی ،دونوں رہنماوں نے کورونا عالمی وبا سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔

وزیر خارجہ نے پاکستان میں کورونا وبا پر قابو پانے کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاء کے بعد عالمی برادری کی مسلسل انگیجمنٹ ضروری ہے۔دونوں رہنماوں نے تمام افغان فریقین پر افغان امن عمل میں سیاسی تصفیہ کے لئے موجودہ تاریخی موقعے سے فائدہ اٹھانے پر زور کیا ۔

افغان امن عمل میں سہولت کاری، افغان مہاجرین کی آبادکاری میں تعاون اور انخلاء کے بعد افغانستان کے استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے 5 اگست 2019کے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات سے یورپی یونین کے اعلی نمائندے کو آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ یورپی یونین غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی منظم اور سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔

وزیر خارجہ اور اعلی نمائندے نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین، اعلی سطحی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ۔وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے اعلی نمائندے کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔