Live Updates

آزاد کشمیر الیکشن سے قبل ن لیگ کے اہم رہنما نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی

پی ٹی آئی نے سردار میر اکبر خان کو ایل اے 16 باغ سے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 18 جون 2021 15:53

آزاد کشمیر الیکشن سے قبل ن لیگ کے اہم رہنما نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18جون 2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنما نے الیکشن سے قبل تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کابینہ کے اہم رکن سردار میر اکبر خان نے مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔سردار میر اکبر خان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ نیازی سے ملاقات کی جس کے دوران ن لیگ سے علحیدگی کا اعلان کیا۔

ملاقات میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور بھی موجود تھے۔سردار اکبر خان نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پی ٹی آئی کی منشور پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سردار میر اکبر خان کو ایل اے 16 باغ سے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے گیارویں عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ آزاد کشمیر کے 33 جبکہ مہاجرین جموں کشمیر کے 12 حلقوں میں انتخابات کاانعقاد ہوگا، حالیہ انتخابات میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں 28 لاکھ 17 ہزار 90 ووٹرز، جب کہ مجموعی طور پر 32 لاکھ 20 ہزار 546 کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹر کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347 اورخواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 743 ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ امیدوار 21 جون شام 4 بجےتک کاغذات نامزدگی داخل کروا سکتے ہیں، 26 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی، 27 جون تک اعتراضات داخل کروائے جا سکیں گے، 2 جولائی تک کاغذات کی واپسی ہو سکے گی، 3 جولائی کوامیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں ہوگی، اور امیدارواں کو انتخابی نشانات 4 جولائی کو الاٹ ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات