یوئیفا نے کھلاڑیوں کو سپانسرڈ مشروبات نہ ہٹانے کی وارننگ جاری کردی

پریس کانفرنس میں جس بھی ٹیم کا کھلاڑی سپانسرز کی جانب سے فراہم کردہ مشروبات کی بوتلیں ہٹائیگا اسکی ٹیم کو بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا: یوئیفا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 جون 2021 16:59

یوئیفا نے کھلاڑیوں کو سپانسرڈ مشروبات نہ ہٹانے کی وارننگ جاری کردی
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جون 2021ء ) یونین آف دی یورپین فٹبال ایسوسی ایشن (یوئیفا) نے یورو کپ 2020ء کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے پریس کانفرنسز میں سپانسرڈ مشروبات کی بوتلوں کو ہٹانے کے واقعات پر وارننگ جاری کی ہے۔ یوئیفا نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس کے دوران جس بھی ٹیم کا کھلاڑی سپانسرز کی جانب سے فراہم کردہ مشروبات کی بوتلیں ٹیبل سے ہٹائے گا اس کی ٹیم کو بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے پیر کو میچ سے قبل پریس کانفرنس کے لیے آنیوالے پرتگال کے 36 سالہ سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کوکا کولا کی بوتلیں ہٹا کر پانی کی بوتل سامنے رکھ دی تھی جس کے بعد کوکا کولا کے شیئرز کی قیمت گر گئی تھی اور اسے 4 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا تھا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اگلے روز مسلم فٹبالر فرانس کے 28 سالہ مسلمان مڈفیلڈر پال پوگبا نے پریس کانفرنس میں اپنے سامنے سے بیئر کی بوتل ہٹائی۔

بدھ کو اٹلی کے فٹبالر مینوئل لوکاٹیلی نے بھی کوکا کولا کی بوتلوں کو پانی کی بوتل سے تبدیل کیا۔ یورو کپ میں متواتر ان واقعات کے بعد یوئیفا نے ایکشن لیتے ہوئے ٹیموں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’سپانسرز اور پارٹنرشپس یورپ بھر میں فٹبال کے فروغ اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اہم جزو ہوتے ہیں، کھلاڑی کنٹریکٹ کے تحت ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کے پابند ہیں اور اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو انضباطی کارروائی کی جاسکتی ہے البتہ یوئیفا کی جانب سے کھلاڑیوں پر براہ راست جرمانے نہیں ہوں گے بلکہ ٹیموں کو جرمانہ کیا جائے گا‘۔