کوویڈ19میں ساری دنیا نے دیکھا کہ نرسنگ اسٹاف اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیرخدمات انجام دیں،ڈاکٹر ظفر ہاشمی

کورونا وائرس کے دوران فرنٹ لائن میں نرسز کے کردار کا کوئی متبادل نہیں ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اشفاق احمد میمن

جمعہ 18 جون 2021 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) نرسز کے عالمی دن کے موقع پر بی براؤن کی جانب سے ایف پی سی سی آئی میںسیمینار ے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اشفاق احمد میمن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران فرنٹ لائن میں نرسز کے کردار کا کوئی متبادل نہیں ہے ، کوویڈ 19 کے دوران نرسنگ کا شعبہ فرنٹ لائن پر رہا ہے ،جبکہ اس حوالے سے سندھ حکومت کا کردار بھی دنیا کے سامنے ہے جس کی مثال نہیں ملتی ،نرسز کے لیے خراج تحسین کا لفظ بہت چھوٹا ہے ،ان کی خدمات کے عوض ادا کیا جانے والا لفظ ڈکشنری میں موجود نہیں۔

بی براؤن پاکستان کے ایم ڈی ڈاکٹر ظفر ہاشمی نے کہا کہ کورونا صورت میں ساری دنیا نے دیکھا کہ نرسنگ اسٹاف کس طرح اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر سب سے آگے مریضوں کے ساتھ کھڑے رہے ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں،نرسنگ کے شعبے کو بڑھانے کیلئے اس کی حوصلہ افزائی اور سپورٹ کرنی ہوگی۔

(جاری ہے)

دیگر ممالک میں ہیلتھ کیئر سسٹم ہم سے بہتر ہے ،پیرا میڈیکل اسٹاف تربیت یافتہ اور بااختیار ہے،ہمیں بھی اپنے پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹریننگ اور بااختیار بناکر اس سطح پر لے جانا ہے۔

سیمینار سے ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ نرسوں کا کردار ناقابل فراموش ہے اور خاص طور پر اس وبائی صورتحال میں انہوں نے آگے بڑھ کر قوم کی جو خدمت کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی اور ایسے موقع پر جب لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھانے سے کتراتے تھے انہوں نے نرسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور سندھ حکومت کی جانب سے شروع کیئے جانے والے ویکسینشین کے عمل کو بھی سراہا۔

اس موقع پر ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا تھا کہ دنیا میں فلپائن اور تھائی لینڈ کی نرسز کی بات کی جاتی ہے لیکن پاکستان کی نرسز کی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ نرسز ان معاملات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ صحت کا نظام کمزور ہے ،حکومتوں کو چاہیئے کہ صحت کے بجٹ میں اضافہ کریں۔

تقریب سیایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذوالفقار لاکھانی ، ڈاکٹر سارہ سلمان،ڈاکٹر ڈیسی نسیم نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹریٹ آف نرسنگ پنجابشہناز قیوم اور ڈائریکٹریٹ آف نرسنگ سندھ خیر النسا کا ویڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا۔پروگرام کے آخر میں بی براؤن کی جانب سے مہمانوں کو شیلڈ پیش کی گئی جبکہ نمایاں خدمات پر نرسوں کو سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔